جوہانسبرگ(آئی این پی)جنوبی افریقن آل رانڈر ایلبے مورکل نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔مورکل نے 1999میں ایسٹرنز کی جانب سے ڈومیسٹک کیریئر کا آغاز کیا تھا اور 20 سالہ کیریئر کے دوران ایک ٹیسٹ، 58ون ڈے اور 50ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں ملک کی نمائندگی کی ۔ انہوں نے تینوں فارمیٹس میں 77 وکٹیں لیں اور 1412 رنز بنائے۔ سینتیس سالہ جنوبی افریقن آل رانڈر نے کہا کہ بڑھتی ہوئی عمر کی وجہ سے میرے لئے اب پہلے جیسا پرفارم کرنا ممکن نہیں،اس لئے میں نے تمام طرز کی کرکٹ کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا۔ 20 سال کرکٹ کے ساتھ سفر بہت شاندار رہا اور میں ان یادگار لمحوں کو ہمیشہ اپنی زندگی میں یاد رکھوں گا۔انھوں نے مزید کہا کہ میں خصوصی طور پر کرکٹ ساتھ افریقہ کا مشکور ہوں جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر مجھے ملک کی نمائندگی کا موقع دیا، کیریئر کے دوران فیملی، مداحوں اور سپورٹ اسٹاف کا شکر گزار ہوں۔