اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)اسلام آبادسوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے گیس کمپریسر کے استعمال کو غیر قانونی ،خطرناک اور دیگر صارفین کی حق تلفی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گیس کمپریسر استعمال کرنے والوںکا گیس کنکشن فوری طور پر منقطع کردیا جائے گا۔ سوئی نادرن نے اپنے صارفین کی گیس پریشر میں کمی کے حوالے سے شکایات کے ازالے کے لیے 1199ہیلپ لائن بھی قائم کردی ہے جس پر کوئی بھی شہری اپنے علاقے میں گیس کمپریسر کی شکایات کا اندراج کروا سکے گا اور کمپنی اس کا نام صیغہ راز میں رکھے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گیس کمپریسر کی شکایات پر فوری طور پر کارروائی کی جائے گی اور متعلقہ صارف کا گیس کنکشن کاٹ دیا جائے گا کیونکہ گیس کمپریسر کا استعمال غیر قانونی ، خطرناک اور دیگر صارفین کی حق تلفی ہے۔ سوئی نادرن نے گیس کنکشن منقطع کرنے کے ساتھ ساتھ کمپریسر استعمال کرنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا بھی آغاز کردیا ہے۔