نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ/ آئی این پی) متنازعہ شہریت قانون کے خلاف بھارت کے ایک سو سابق بیوروکریٹس نے کھلا خط لکھ دیا۔ خط میں سابق بیوروکریٹس نے شہریت قانون کی مذمت کرتے کہا ہے کہ بھارت کو ایسے قانون کی ضرورت نہیں۔ ادھر کانگریس کی جنرل سکریٹری پریانکا گاندھی نے کہا ہے کہ کانگریس اقتدار میں آنے کے بعد بی جے پی کے کالے قوانین ’’سی اے اے، این آر سی ‘‘ کو ختم کر دے گی، آئین سے متصادم قوانین کو ہر گز ہر گز نافذالعمل نہیں رکھا جائے گا، ایسے قوانین ملک میں بد امنی پیدا کرنے کا سبب بنتے ہیں، کانگریس سی اے اے کے مخالف مظاہرین کو قانونی مدد فراہم کرنے کے لئے ایک سیل قائم کرے گی تا کہ ان لوگوںکو قانون کے شکنجے سے چھڑایا جا سکے۔ وہ مودی جی کے حلقے وارانسی پہنچی اور گفتگو کی جس میں انہوں نے اعلان کیا یہ ایک کالا قانون نے جو آئین سے متصادم ہے۔ اس قانون سے ملک میں بد امنی پیدا ہوئی ہے۔ عوام کے حق پر ڈاکہ مارا گیا ہے۔ بی جے پی حکومت کسانوں، نوجوانوں اور طلباء کا استحصال کر رہی ہے ہم اقتدار میں آ کر کسانوں ، مزدوروں ، نوجوانوں اور طلبا سے اپنے حقوق کی جنگ میں تعاون کا وعدہ کرتے ہیں۔
متنازعہ شہریت جیسے قوانین کی ضرورت نہیں 100 بھارتی سابق بیوروکریٹس کا کھلا خط
Jan 11, 2020