اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاو جنگ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے مابین دہائیوں پر محیط تعلقات مزید مستحکم اور پختہ ہو رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں چین کے سفیر نے چیف آرگنائزر تحریک انصاف سیف اللہ خان نیازی سے خصوصی ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال۔ پاکستان تحریک انصاف اور کمیونسٹ پارٹی آف چائینہ کے مابین اشتراک کے مختلف پہلوؤں پر خصوصی بات چیت ہوئی ۔ ملاقات میں بین الجماعتی تعلقات میں پختگی کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو نئی سطح تک لے جانے پر مکمل اتفاق کیا گیا ۔ اس موقع پر چینی سفیر یاو جنگ نے کہا پاکستان اور چین کے مابین دہائیوں پر محیط تعلقات مزید مستحکم اور پختہ ہورہے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف اور چینی کمیونسٹ پارٹی کے مابین اشتراک سے دوطرفہ تعاون کے نئے راستے کھلے ہیں، کمیونسٹ پارٹی کی قیادت پاکستان تحریک انصاف کیساتھ تعلقات کو نہایت قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ اس موقع پر چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف اللہ خان نیازی نے نے کہا چین پاکستان کا باعتماد دوست اور نہایت عزیز ہمسایہ ہے۔ پاک-چین اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ممالک کے مابین جامع اشتراک کا ثمر ہے۔ مشترکہ مفادات کے حصول کیلئے یکساں حکمت عملی دونوں ممالک کے عوام کی معاشی و سماجی ترقی کیلئے مفید ثابت ہورہی ہے۔