اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری ڈیڈ لاک کے خاتمے کے لئے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے معاملے پر اپوزیشن اور حکومت نے اپنے اپنے نام واپس لے لئے ہیں اور دونوں چیف الیکشن کمشنر کے لئے نئے نام لانے پر متفق ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت اور اپوزیشن دوبارہ نئے نام پارلیمانی کمیٹی کو ارسال کریں گے اور چیف الیکشن کمشنر کی تقرری سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آئندہ ہفتے متوقع ہے۔ حکومت نے چیف الیکشن کمشنر کے لئے نئے 8 ناموں کی فہرست تیار کر لی ہے۔ حکومت نے پہلے بابر یعقوب‘ فضل عباس میکن اور عارف خان کے نام تجویز کئے تھے جبکہ اپوزیشن کی جانب سے ناصر کھوسہ‘ جلیل عباس جیلانی اور اخلاق تارڑ کے نام تجویز کئے گئے تھے۔