اسلام آباد( سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے گزشتہ روز عراقی ہم منصب محمد علی الحکیم سے ٹیلیفون پر بات کی اور ایران امریکہ کشیدگی سمیت خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش ہے ۔ یہ خطہ کسی نئی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا ۔ پاکستان نے واضح طور پر کہا ہے کہ فریقین کو معاملات اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل اور بین الاقوامی قوانین کی روشنی میں افہام و تفہیم سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ فریقین کو ملکی خود مختاری اور سالمیت کے تحفظ کو ملحوظِ خاطر رکھنا چاہیے۔ بات چیت کا ماحول پیدا کرنے کیلئے کشیدگی میں کمی لانا ہو گی۔ دریں اثناء پاکستان میں تعینات ہونے والے نئے ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ۔ پارلیمنٹ ہائوس میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران ،ایران امریکہ کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بطور سفیر پاکستان تعیناتی پرسید محمد علی حسینی کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین دیرینہ تاریخی، مذہبی و کثیرالجہتی برادرانہ تعلقات ہیں ۔ مجھے توقع ہے کہ آپ جیسے منجھے ہوئے سفارتکار کی تعیناتی سے پاک ایران دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے ۔ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ’ایف ایم کنیکٹ‘ سلسلے کے تحت ماہرین تعلیم، سوچ بچاروتحقیق کرنے والے اداروں کے تجزیہ کاروں اور دانشوروں سے 9 جنوری کو تفصیلی مشاورتی اجلاس کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ’ایف ایم کنیکٹ‘سلسلے کا آغاز 2019ء میں کیاتھا۔ اس تصور کی بنیاد تمام متعلقہ فریقین اور وزیرخارجہ میں رابطے کو بہتر اور موثر بنانا ہے۔ غیررسمی اور بات چیت کے کھلے انداز کی حامل اس نشست کے ذریعے وزیرخارجہ نے اپنے دفتر کے دروازے نئے خیالات اور ان پر بحث مباحثے کے لئے کھول دئیے ہیں تاکہ تبادلہ خیال کو فروغ حاصل ہو۔ ابتدائی دو نشستوں میں وزیرخارجہ نے بالترتیب پاکستان میں موجود غیرملکی میڈیا اور کاروباری نمائندوں سے ملاقات کی تھی۔ تیسری نشست میں محقیقین، دانشور اور ماہرین جمع ہوئے جنہوں نے تبادلہ خیال کیا اور بین الاقوامی امور پر وزیرخارجہ کو اپنی سفارشات پیش کیں۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بحرین کے ہم منصب شیخ خالد بن احمد بن محمد الخلیفہ سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق اس موقع پر انہوں نے ایران،امریکہ کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ ء خیال کیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ان سے کہا کہ مشرق وسطی میں بھی ہوئی کشیدگی پر قابو نہ پایا گیا تو اس کے منفی اثرات پورے خطے پر مرتب ہونگے ۔ بحرین کے وزیر خارجہ نے خطے میں کشیدگی کو کم کروانے اور قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔
عراقی بحرینی وزراء خارجہ سے رابطے، خطہ نئی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا: شاہ محمود
Jan 11, 2020