کوئٹہ: مسجد میں خودکش بم دھماکہ، ڈی ایس پی، امام سمیت 15 نمازی شہید، 19 زخمی

کوئٹہ‘ اسلام آباد (امجد عزیز بھٹی سے‘ بیورو رپورٹ‘ سپیشل رپورٹ‘ سٹاف رپورٹر) کوئٹہ میں مسجد کے اندر خود کش بم دھماکے کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت 15نمازی شہید جبکہ 19 زخمی ہوگئے۔ دھماکے سے مسجد کو شدید نقصان پہنچا۔ پولیس کے مطابق جمعہ کی شام کوئٹہ کے علاقے اسحاق آباد میں واقع مدرسہ دارالعلوم شریعہ کی مسجد میں اس وقت خود کش دھماکہ ہوا جب مغرب کی نماز ادا کی جارہی تھی۔ دھماکے کے نتیجے میں ڈی ایس پی امان اللہ، امام مسجد سمیت15نمازی شہید جبکہ 19 زخمی ہوگئے۔ ترجمان سول ہسپتال کوئٹہ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں حفیظ الرحمن ولد حاجی عبداللہ ، امان اللہ ولد حاجی عبدالنبی ،رفیع اللہ ولد عبدالخالق ، احمداللہ ولد محمد سرور ، اللہ محمدولد عبدالبصیر، کاکا ولد نیک محمد، مطیع اللہ ولد امان ، جہانگیر عرف جان محمد ولد گل خان اور7نامعلوم افراد شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں عظمت اللہ ، عبدالہادی ، معاذ اللہ ،حکمت خان ، شمس اللہ ، انعام اللہ ، قدرت اللہ ، جنید، ذاکراللہ ،مغفور اللہ ، مولوی محمد ،جمیل احمد، سیف اللہ ،اکبر خان ، عبداللہ جان ، عبدالغفور ، عزیز اللہ ، عبداللہ شامل ہیں۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ایف سی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ نعشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال پہنچادیا گیا جہاں زخمیوںکو فوری ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ دھماکے سے مسجد کے اندرونی حصے کو شدید نقصان پہنچا۔ دھماکے کے بعد پولیس اور ایف سی کے اعلیٰ حکام موقع پرپہنچ گئے اور فوری طور پر بم ڈسپوزل کے عملے کو طلب کرلیاگیا۔ علاقے کو گھیرے میں لیکر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ وزیرداخلہ بلوچستان میرضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ حکومت اور سیکورٹی فورسز عوام اور ملک کا تحفظ کرنا جانتی ہیں، کوئٹہ دھماکہ خود کش ہوسکتا ہے، پاک افغان سرحد پر بارڈر لگانے کا کام مکمل ہونے سے ملک میں مجموعی طور پر امن وامان کی صورتحال بہتر ہوگی۔ انہوں نے جمعہ کی رات دھماکے کے بعد جائے وقوعہ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عوام حکومت کا ساتھ دیں اور مشکوک لوگوں پر نظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ناکام نہیں ہے دہشت گردی ،ٹارگٹ کلنگ سمیت جرائم کے واقعات میں واضح کمی آئی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسجد میں بے گناہوں کو نشانہ بنانے والے سچے مسلمان نہیں ہوسکتے‘ پولیس اور سول انتظامیہ کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکے کے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ایف سی بلوچستان کے دستے کوئٹہ میں دھماکے کی جگہ پہنچ گیا۔ ایف سی بلوچستان کے دستے کوئٹہ میں دھماکے کی جگہ پر پہنچ گیا۔ دھماکے کی جگہ کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آسٹریلیا کے جنگلات میں لگی بے قابو آگ بجھانے میں ہر ممکن تعاون کی پیشکش کا اعادہ کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آسٹریلیا کے وائس چیف آف ڈیفنس فورسز وائس ایڈمرل ڈیوڈ جانسٹن نے گزشتہ روز جی ایچ کیو میں آرمی چیف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی اور علاقائی سکیورٹی کے امور پر بھی بات چیت کی گئی۔ وائس ایڈمرل ڈیوڈ جانسٹن نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاک فوج کے کردار کی تعریف کی اور آسٹریلیا کے لیے نیک جذبات کے اظہار پر شکریہ اداکیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے مہمان جنرل سے گفتگو کے دوران اس پیشکش کا اعادہ کیا کہ پاکستان، آسٹریلیا کے جنگلات میں آگ بجھانے میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہیں۔ وزیراعظم عمران خان اور صدر عارف علوی نے کوئٹہ کی مسجد میں دھماکے کی مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے دھماکے کے حوالے سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ صدر عارف علوی نے بھی امدادی کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ملک میں بدامنی پیدا کرنے کی مذموم کوششیں کر رہے ہیں‘ قوم ان ناپاک سازشوں کے خلاف متحد ہے۔ ڈی ایس پی امان اللہ کے بیٹے کو ایک ماہ پہلے فائرنگ کرکے شہید کر دیا گیا تھا۔ دوسری جانب انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے کوئٹہ دھماکے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے دھماکہ کے تناظر میں صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں اور تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو اہم تنصیبات، حساس مقامات، عبادت گاہوں، ہسپتالوں اور پارکوں سمیت دیگر عوامی مقامات کی سکیورٹی بڑھانے کی ہدایت جاری کی ہیں۔ اس حوالے سے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بین الصوبائی اور بین الاضلاعی چیک پوسٹوں پر چیکنگ کا عمل مزید موئثر بنایا جائے اور عوامی مقامات کے گرد و نواح میں ڈولفن، پیرو سمیت دیگر پیٹرولنگ فورسز کے گشت کے اوقات کار کو مزید بڑھایا جائے اور تمام اضلاع میں سرچ، سوئپ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...