اقوام متحدہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوائے‘ جنوبی ایشیا میں امن کیلئے اقدام کرے: پاکستان

Jan 11, 2020

اقوام متحدہ (اے پی پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے عالمی برادری کی توجہ پاکستان کے بارے میں بھارت کے جارحانہ عزائم کی طرف مبذول کراتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلوانے، پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ سے بچنے اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لئے فیصہ کن اقدام کرے۔ سلامتی کونسل میں ایک مباحثے کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستانی مندوب نے خبر دار کیا کہ پاکستان کسی بھی حملے کا اسی طرح بھرپور اور موثر جواب دے گا جس طرح اس نے گذشتہ سال فروری میں دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ طاقت کا یکطرفہ استعمال، غیر ملکی تسلط، اسلامو فوبیا، یہود مخالف اور فاشزم جیسے نفرت کے نظریات اور تنازعات اقوام متحدہ کے چارٹر پر مبنی ورلڈ آرڈر کو ختم کر رہے ہیں۔ پرانے فوجی اور سیاسی اتحاد ختم اور نئے تشکیل پا رہے ہیں اور عالمی اقتصادی نمو تجارتی اور ٹیکنالوجی کی جنگوں کے بوجھ تلے کم ہو رہی ہے۔ غربت اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے بین الاقوامی تعاون میں بھی کمی آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے ہمسائیوں کے ساتھ پائیدار امن کا خواہاں ہے۔

مزیدخبریں