دوسروں کی جنگ ملک میں لانیوالوں کیخلاف کمیشن بنایا جائے،امیرجماعت اسلامی

Jan 11, 2020

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے وزیراعظم کے دوسروں کی جنگ میں حصہ نہ لینے کے بیان کو خوش آئندقرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ دوسروں کی جنگ کو ملک میں لانے والوں کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے فوری طور پر ایک کمیشن بنایا جائے۔محض و اعظ ونصیحت سے کچھ نہیں ہوگا۔امریکی جنگ کا حصہ بننے سے ملک کو 120ارب ڈالر اور 75ہزار لوگوں کا جانی نقصان اٹھا نا پڑا۔ملکی معیشت اور تجارت کو ناقابل تلافی نقصان ہوااس پر دکھ کا اظہار کرنے اور ہاتھ ملنے سے بات نہیں بنے گی۔2023ء کے انتخابات میں مرضی کے نتائج حاصل کرنے کے لیے ابھی سے منصوبہ بندی شرو ع کردی گئی ہے۔قدرتی وسائل سے مال مال بلوچستان میں غربت ننگی ناچ رہی ہے۔باصلاحیت نوجوان روزگار نہ ملنے سے مایوسی کا شکار ہو کر نشے پر لگ گئے اور موت کے منہ میں جارہے ہیں۔اگر منشیات کا سدباب نہ کیا گیا تو کسی دشمن کو پاکستان پر حملہ کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔بلوچستان کے کئی علاقوں میں کینسر کی بیماری وباء کی صورت اختیار کرچکی ہے۔اس کے علاج اور تدراک کی بڑے پیمانے پر کوشش نہ کی گئی تو ہزاروں لوگ لقمہ اجل بن سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی سیکرٹریٹ الفلاح ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ بلوچستان کو اس کے آئینی حقوق دیے جائیں تو وہ نہ صرف اپنے پائوں پر کھڑا ہوسکے گا بلکہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے دی گئی بیش بہا معدنیات کی بدولت وہ دوسر ے صوبوں اور پاکستان کا بوجھ بھی بانٹ سکتا ہے اور پاکستان کو آئی ایم ایف کی غلامی سے آزاد کراسکتا ہے۔صوبے سے معدنیات کو نکالنے کا ایک بااعتماد نظام قائم کردیا جائے تو بلوچستان کے لاکھوں نوجوانوں کو روزگار بھی ملے گا اور معیشت بھی سنبھل جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کے وزراء اور سرکاری آفیسرز میرٹ کا قتل عام کرکے معمولی نوکریوں کو بھی لاکھوں روپے میں بیچتے ہیں۔سکول کے چوکیدار کی نوکری بھاری رشوت کے بغیر نہیں ملتی جس سے نوجوانوں کے اندر مایوسی بڑھتی جاررہی ہے۔صوبے میں کرپشن بڑھ رہی ہے اور اب جائزکام کیلئے بھی رشوت دینا پڑتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں اور کالجوں کاماحول بچیوں کی تعلیم کے لیے انتہائی ناخوشگوارہوچکا ہے لیکن حکومت معاملات کو درست کرنے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھا رہی۔بچیوں کی عزت و ناموس پر حملوں کے جو واقعات پیش آتے ہیں ان میں ملوث ملزموں کو گرفتار کیا جاتا اور انہیں قرار واقعی سزاد ی جاتی تو اس خطرناک رحجان کا سد باب ہوسکتا تھا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ بلوچستان سے لاپتہ ہزاروںلوگوں کی بازیابی کے لیے کوئی موثر کوشش نہیں کی گئی جس کی وجہ سے ان خاندانوں میں غم و غصہ اور اشتعال بڑھ رہا ہے۔لوگ اپنے پیاروں کی تلاش میںمارے مارے پھررہے ہیں لیکن ان کی فریاد سننے والا اور انصاف کادروازہ کھولنے والا کوئی نہیں۔بلوچستان میں حکومتی ر ٹ قائم کرنے کے نام پر قائم کی گئی ہزاروں چوکیوں میں انسانیت کی تذلیل ہورہی ہے خاص طور پرخواتین کے ساتھ جو رویہ اختیار کیا جاتا ہے وہ بلوچستان کے کلچر اور غیرت کے سخت خلاف ہے۔اس نامناسب رویے کے خلاف عوام کے اندر پکنے والا لاوا کسی وقت بھی آتش فشاں پہاڑ کی طرح آگ اگلنے لگے گا جس پر قابو پانا مشکل ہوجائے گا۔

مزیدخبریں