عُمان کے نئے "سُلطان" ہیثم بن طارق کا تعارف

Jan 11, 2020 | 17:00

ویب ڈیسک

سلطان ہیثم بن طارق آل سعید نے آج ہفتے کے روز سلطنتِ عُمان کے نئے حکمراں کے طور پر حلف اٹھا لیا۔ عُمان کی سلطنت پر نصف صدی کے قریب حکمرانی کرنے والے سلطان قابوس جمعے کی شب انتقال کر گئے تھے۔سلطان ہیثم بن طارق عمان کے مرحوم حکمراں قابوس کے چچا کے بیٹے ہیں۔ وہ 1954 میں پیدا ہوئے۔

ہیثم نے 2002 سے ثقافت قومی ورثے کے وزیر کا منصب سنبھالا ہوا ہے۔ اسی طرح وہ وزارت خارجہ میں بھی کئی عہدوں پر فائز رہے۔

ہیثم بن طارق سلطنت عمان کے ویژن 2040 پروگرام کی مرکزی کمیٹی کے سربراہ ہیں۔انہوں نے 1983 سے 1986 تک عُمان فٹبال فیڈریشن کے صدر کے عہدے پر کام کیا۔ اس کے علاوہ وہ 2010 میں مسقط میں ہونے والے دوسرے ساحلی اولمپک کھیلوں کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ بھی رہے۔عمان کے نئے سلطان معذور بچوں کی سرپرستی کی سوسائٹی اور السیب اسپورٹس کلب کے اعزازی صدر بھی ہیں۔

عمان کی دفاعی کونسلعُمان کے رحلت پانے والے سلطان قابوس کی کوئی اولاد نہ تھی۔ البتہ نئے سلطان ہیثم بن طارق دو بیٹوں اور دو بیٹیوں کے باپ ہیں۔عمان کے اخبار الرؤيۃ کے مطابق نئے سلطان کے بیٹوں کے نام ذی يزن اور بلعرب جب کہ بیٹیوں کے نام ثریا اور امیمہ ہیں۔ سلطان کی اہلیہ عہد بنت عبدالله بن حمد البوسعيديۃ اور والدہ شوانہ بنت حمود بن احمد البوسعيديۃ ہیں۔
 

مزیدخبریں