لاہور‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ‘ نامہ نگار‘ نمائندہ نوائے وقت‘ اے پی پی) ملک بھر میں شدید سردی کی لہر اور دھند کا راج برقرار ہے جس کے باعث فضائی آپریشن کے ساتھ ساتھ ٹرینوں کی آمد و رفت بھی متاثر ہورہی ہے۔ ترجمان محکمہ ریلوے کا کہنا ہے کہ کراچی سے پاک بزنس ایکسپریس اور ملت ایکسپریس کی روانگی منسوخ ہوگئی، مسافروں کو اسی ٹکٹ پر دوسری گاڑیوں میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ مسافر 100 فیصد ٹکٹ کا ریفنڈ بھی لے سکتے ہیں، جبکہ آن لائن ٹکٹ والے مسافر گھر بیٹھے 100 فیصد ریفنڈ لے سکتے ہیں۔ دوسری طرف متعدد ٹرینیں گزشتہ روز گھنٹوں تاخیر کا شکار رہیں۔ علاوہ ازیں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے فوگ رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق موٹروے M-2، ٹھوکر نیاز بیگ سے لے کر بلکسر تک دھند کی شدت میں کمی کے باعث ہر قسم کی ٹریفک کے لئے کھول دی گئی ہے تاہم عوام سے گزارش ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں‘ گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔ (MOTORWAY Humsafar) اسمارٹ فون ایپلیکیشن ، ایف ایم ریڈیو 95 یا ہیلپ لائن130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ہفتہ‘ اتوار کی درمیانی شب سے پنجاب کے میدانی علاقے اور بالائی سندھ شدید دھند کی لپیٹ میں رہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے پنجاب میں گوجرانوالہ‘ لاہور‘ خوشاب‘ نورپور تھل‘ سرگودھا‘ فیصل آباد‘ سیالکوٹ‘ نارووال‘ گجرات‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ‘ جوہر آباد‘ جھنگ‘ اوکاڑہ‘ ساہیوال‘ ملتان‘ بہاولپور‘ بہاولنگر‘ ڈی جی خان‘ خانیوال‘ ساہیوال‘ خان پور اور رحیم یار خان میں شدید دھند چھائی رہی۔ سندھ کے علاقوں گھوٹکی‘ خیرپور‘ سکھر اور لاڑکانہ میں بھی دھند چھائی رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج پیر کے روز پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ کشمیر‘ گلگت‘ بلتستان‘ بالائی خیبر پختونخوا اور شمالی بلوچستان میں موسم شدید سرد جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی بلوچستان اور بالائی علاقوں میں شدید سرد رہا تاہم بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش ہوئی۔ دریں اثناء موٹر وے ایم تھری لاہور سے درخانہ تک دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی۔ موٹر وے پولیس کے مطابق قومی شاہراہ پر چوہنگ‘ موہنوال‘ مانگا منڈی‘ پھولنگر‘ چوکی اوکاڑہ میں دھند ہے۔ قومی شاہراہ پر ان علاقوں میں حد نگاہ 100 میٹر ہے۔ لاہور سے نامہ نگار کے مطابق ڈیفنس فیز فائیو میں کار اور ٹرالر میں تصادم کے نتیجے میں 35 سالہ کار سوار جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور دھند کے باعث پیش آیا۔ کار سوار 35 سالہ فیصل موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ جبکہ ٹرالر کا ڈرائیور فرار ہو گیا۔ متوفی فیصل عسکری الیون کا رہائشی تھا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
دھند ،موٹروے ایم تھری بند،فضائی ٹرین آپریشن متاثر،گاڑیوں گھنٹوں لیٹ2منسوخ
Jan 11, 2021