لاہور(نامہ نگار) آئی جی موٹروے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا ہے کہ خوش اخلاقی سے پیش آنا،مشکل وقت میں مسافروں کی مدد اور حادثات کی شرح کو کم کرنے کیلئے کئے گئے اقدامات وہ اوصاف ہیں جس کی بناء پر موٹروے پولیس نے عوام میں پذیرائی اور نیک نامی کمائی ہے۔ موٹروے پولیس کی اولین ترجیح مدداور مْسافروں کا تحفظ ہونا چاہیے۔ اِن خیالات کا اظہار آئی جی موٹروے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام نے موٹروے پولیس افسران کے اوکاڑہ میں منعقدہ اجلاسِ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اِس موقع پر ڈی آئی جی سنٹرل زون ڈاکٹر مظہرالحق کاکا خیل،ایس ایس پی سنٹرل ون محمد کاشف اور موٹروے پولیس کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔آئی جی موٹروے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا کہ موٹروے پولیس کی اولین ڈیوٹی روڈ یوزرز کی ہر ممکنہ مدد ہے اور اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ حادثات سے بچاؤکیلئے چھوٹی گاڑیوں کی تیز رفتاری پر قابو پانے، بڑی گاڑیوں کے لین ڈسپلن کو قائم کرنے اور موٹرسائیکل سواروں کیلئے ہیلمٹ کی پابندی کو یقینی بنانا ہو گا۔ افسران عوام میں روڈ سیفٹی بارے آگاہی پیدا کریں ‘مساجد اور تعلیمی اداروں کے ذریعے لوگوں تک روڈ سیفٹی کا پیغام پہنچایا جائے۔ انہوںنے شریک افسران وملازمین کے مسائل کو سْنااور احکامات جاری کیے۔