لاہور (پ ر)وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے ایکسلز کیبل کمپنی کے ابھرتے ہوئے صنعتکار سلمان ظفر چودھری سے ملاقات کی۔ اس موقع پر کاروباری مسائل اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سلمان ظفر چودھری نے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کو صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا علاقہ‘ ہارون آباد ضلع بہاول نگر بے حد پسماندگی کا شکار ہے اور یہاں سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں کوئی پیش رفت نہیں کی گئی۔ مزید براں مطالبہ کیا کہ ان تمام علاقوں کو مساوی ترقی دی جائے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے سلمان ظفر چودھری سے وعدہ کیا کہ وہ نہ صرف ہارون آباد ضلع بہاول نگر کا دورہ کریں گے بلکہ یہ یقین دہانی بھی کروائی کہ متعلقہ علاقے کے تمام سکولوں کو اعلیٰ درجے کی سائنسی تعلیم سے آراستہ بھی کیا جائے گا۔