مصباح کے ساتھ وقاریونس کی کرسی بھی ہلنے لگی

کراچی(اسپورٹس رپورٹر)دورہ نیوزی لینڈ میں ٹیم کی شکستوں پرمصباح الحق کے ساتھ وقار یونس کی کرسی بھی ہلنے لگی جب کہ دونوں کو آئندہ ہفتے کرکٹ کمیٹی کی میٹنگ میں سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔نیوزی لینڈ میں پاکستان ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں1-2 اور ٹیسٹ میں 0-2  سے بدترین ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا، اس سے ہیڈ کوچ مصباح الحق پر دباو? بڑھ گیا ہے، بعض رپورٹس کے مطابق ان کا جنوبی افریقہ سے سیریز کے بعد عہدے پر برقرار رہنا مشکل دکھائی دینے لگا۔ذرائع نے بتایا کہ مصباح کے ساتھ بولنگ کوچ وقار یونس کی پوزیشن بھی محفوظ نہیں ہے، نیوزی لینڈ میں بولرز کی کارکردگی مایوس کن رہی تھی، اس سے قبل بھی ان کی کوچنگ میں زیادہ مثبت نتائج سامنے نہیں آئے، اسی کے ساتھ سابق پیسر کے رویے پر بھی بعض کھلاڑیوں نے اعتراض کیا تھا۔پی سی بی نے مصباح اور وقار دونوں کو آئندہ ہفتے کرکٹ کمیٹی کی میٹنگ میں بلایا ہے جہاں ان سے ٹیم کی ناقص کارکردگی کی وجوہات پوچھی جائیں گی، دونوں کو سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑے گا، البتہ کیویز کے دیس میں بیٹنگ کی ناکامی کے باوجود بیٹنگ کوچ یونس خان باز پرس سے محفوظ رہیں گے، انھیں میٹنگ میں نہیں بلایا گیا ہے۔یاد رہے کہ سابق کوچ مکی آرتھر کو بھی اسی طرح کرکٹ کمیٹی کی میٹنگ کے بعد برطرف کیا گیا تھا، البتہ چونکہ ابھی جنوبی افریقہ سے سیریز قریب ہے اس لیے کسی فوری فیصلے کا امکان کم ہے۔

ای پیپر دی نیشن