کابل(این این آئی+ شہنوا) افغان دارالحکومت کابل میں بم دھماکے میں افغان سکیورٹی فورس کے ترجمان سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والے تینوں افراد کا تعلق پبلک پروٹیکشن فورس سے تھا۔ ان میں ترجمان ضیا وادان بھی شامل تھے جو اپنی گاڑی میں دفتر جارہے تھے۔ دھماکے کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ اب تک کسی گروپ نے بھی دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہاکہ کابل کے علاقے کرتینا میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے 3 افراد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والے تینوں افراد کا تعلق پبلک پروٹیکشن فورس سے تھا۔ ان میں ترجمان ضیا وادان بھی شامل تھے جو اپنی گاڑی میں دفتر جارہے تھے۔ جنوب مغربی افغان صوبے نیمروز میں ملکی فضائیہ کے حملوں میں کئی شہریوں کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ صوبائی کونسل کے رکن باز محمد نے دعویٰ کیا کہ ضلع خشروہ میں کئے گئے اس فضائی حملے میں متعدد عورتیں اور بچوں سمیت چودہ افراد جاں بحق ہوگئے۔ دیگر ذرائع سے ہلاک شدگان کی اس تعداد کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ صوبائی کونسل کے ایک اور رکن نے بتایا کہ یہ کارروائی چند اعلیٰ سطح طالبان کمانڈروں کو نشانہ بنانے کے لئے کی گئی تھی۔ افغان وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسے انسداد دہشتگردی کے ایک آپریشن کے دوران سویلین ہلاکتوں کی اطلاع ملی ہے اور اس معاملے کی تفتیش جاری ہے۔
افغانستان : بمباری ، کار بم دھماکہ، بچوں ، خواتین سمیت 14شہری ، 3سکیورٹی اہلکار جاں بحق
Jan 11, 2021