جینوا (کے پی آئی+ اے پی پی) عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) نے بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر کو بھارتی حصہ تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او نے لداخ سمیت جموں و کشمیر کو ہندوستان کے نقشے میں شامل نہیں کیا بلکہ جموں و کشمیر کو اپنے نقشے میں الگ سے ظاہر کیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے اپنی ویب سائٹ پر شائع کردہ رنگین کوڈ والے عالمی نقشے میں بھارت کو نیلے رنگ میں دکھایا ہے، جبکہ لداخ سمیت جموں و کشمیر کو بھورے رنگ کے ساتھ الگ شناخت دی ہے۔ بھارتی انگریزی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے نقشہ پر تبصرہ کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ لداخ کے ساتھ جموں و کشمیر کو بھی بھورے رنگ میں دکھایا گیا ہے۔ بھارتی فورسز نے اتوار کی صبح ضلع بڈگام میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کردی۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے ضلع میں بیروہ کے علاقے بونہ مکہامہ کا محاصرہ کیا اور گھر گھر تلاشی کی کارروائی شروع کردی۔ بھارتی پولیس کے ایک افسر نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا محاصرے اور تلاشی کی کارروائی علاقے میں مجاہدین کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر شروع کی گئی ہے۔ بھارتی فورسز نے ضلع پونچھ کے علاقے گوہلاڑ میں بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی جموں و کشمیر ایمپلائز موومنٹ نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو عملاً ایک فوجی چھائونی میں تبدیل کر رکھا ہے۔ ایمپلائز موومنٹ کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ نام نہاد جمہوریت اور سیکولرازم کے دعویدار بھارت کی فوج مقبوضہ جموں و کشمیر میں بڑے پیمانے پرانسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث ہے۔ طاقت کے بل پر کسی بھی قوم کو زیادہ دیر تک غلام بنا کر نہیں رکھا جا سکتا۔ کشمیری عوام اپنے آزادی کے حق کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ہندو انتہاپسند تنظیم راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے فسطائی ایجنڈے پر عمل پیرا بھارتی حکومت کشمیری عوام کو تمام بنیادی حقوق سے محروم کر رہی ہے۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی سربراہ اور سابق کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی کے یوتھ ونگ کے صدر وحید پرہ کو عدالت کی طرف سے ضمانت منظور ہونے کے بعد بھارتی پولیس کی کائونٹر انٹیلی جنس ونگ نے دوبارہ گرفتار کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے ایک ٹویٹ میں وحید پرہ کی گرفتاری پرسوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ توہین عدالت ہے۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ این آئی اے کی عدالت کی طرف سے وحید پرہ کو ضمانت دینے کے باوجود اب انہیں جموں میں سی آئی کے نے گرفتارکیا ہے۔گزشتہ برس جولائی میں بھارتی کیپٹن بھو پندر سنگھ نے ضلع راجوری میں تین نہتے نوجوانوں کو بیس لاکھ انعام کے لالچ میں جعلی جھڑپ میں شہید کیا تھا،اس اور شریک جرم شہریوں تابش اور بلال پر فرد جرم لگا دی گئی۔