بجلی کا ملک گیر بریک ڈائون‘ این ٹی ڈی سی سربراہ  کوبرطرف کیا جائے: امتیاز شیخ

Jan 11, 2021

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے بجلی کے ملک گیر بریک ڈائون پر نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیج کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے سربراہ کی برطرفی اور انکوائری کمشن بنانے کا مطالبہ کر دیا۔ امتیاز شیخ نے کہا کہ 16 گھنٹے سے زائد گزر جانے کے باوجود وزارت توانائی نقص تلاش نہ کر سکی۔ فوری طورپر انکوائری کمشن بنایا جائے جس میں صوبوں کی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے۔ امتیاز شیخ نے کہا کہ ایک پاور پلانٹ سے پورے ملک کا سسٹم بیٹھ جانا قومی اداروں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ حکمرانوں نے اڑھائی سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود بجلی کے ترسیلی نظام کو بہتر بنانے پر کوئی توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومتوں پر الزام تراشی وفاقی وزراء کا پرانا وطیرہ ہے۔ بجلی کا ملک گیر بریک ڈائون وفاقی وزارت توانائی کی نااہلی اور ناکامی ہے۔ این ٹی ڈی سی میں صوبوں کی نمئاندگی نہ ہونے سے چیک اینڈ بیلنس کا سسٹم نہیں ہے۔

مزیدخبریں