رویت ہلال کمیٹی اسلامی مہینوں کے فیصلے شرعی اصولوں‘ شہادتوں کے مطابق کرے گی: چیئرمین

Jan 11, 2021

لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین و خطیب بادشاہی مسجد مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے اہلسنت کی عظیم روحانی درگاہ عیدگاہ شریف میںسجادہ نشین حضرت پیر نقیب الرحمن سے علماء کرام کے وفد کے ہمراہ ملاقات کی جن میں علامہ حافظ زبیر احمد ظہیر‘ قاری امین الحسنات‘ مولانا پیر محمد عمر فاروق شاہ‘ مو لانا قاری محمد بلال گولڑوی‘ مولانا قاری عابد اسرار‘ حافظ پیر محمد شاہ حسین‘ خان عبد اللہ خان‘ صاحبزادہ سید عبد البصیر آزاد‘ اصغر خان ‘ خبیب خان ‘ قاری محمد افہم ‘ قاری محمد طلحہ‘ قاری محمد ارقم‘ پپو بھائی‘ جاوید بھائی‘ پروفیسر ظفر اللہ جان و دیگر  شامل تھے۔ مولانا آزاد نے ملاقات میں کہا کہ آپ کی یہ عظیم روحانی خانقاہ عیدگاہ شریف ہمیشہ سے اتحاد و یگانگت اور رواداری کا ایک عظیم مرکز ہے۔ پیر نقیب الرحمن کی جو شخصیت ہے وہ تمام مسالک میں محبت کی علامت ہے۔ مولانا آزاد نے کہا کہ جوذمہ داری بطور چیئرمین رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان کی مجھے ملی ہے انشاء  اللہ اسلامی مہینوں کے تمام فیصلے شرعی اصولوں اور شہادتوں کے مطابق کئے جائیں گے اور انشاء اللہ اس فورم کو جو کہ تمام مسالک کے جید علماء کرام کی نمائندگی رکھتا ہے اس کے ذریعے وحدت کو عام کیا جائے گا۔ سجادہ نشین عیدگاہ شریف پیر نقیب الرحمن نے کہا کہ میں مولانا  سید عبدالخبیر آزاد کو مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی کا چیئرمین بننے پر مبارکباد دیتا ہوں اور ان کے والد گرامی مولانا ڈاکٹرسید عبد القادر  آزاد جو بادشاہی مسجد لاہور کے سابق خطیب تھے ان سے محبت کا تعلق تھا اور انہوں نے تمام مسالک مذاہب کے درمیان ہمیشہ اتحاد کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کیا۔ مولانا سید عبد الخبیر آزاد اپنے والد کے اتحاد امت کے عظیم مشن کو لیکر چل رہے ہیں اور عیدگاہ شریف سے ہمیشہ ان کا محبت کا تعلق قائم رہا ہے۔ ان شاء اللہ یہ سب لوگوں کو ساتھ لیکر چلیں گے‘ ہماری دعائیں ان کے ساتھ ہیں‘ اللہ تعالیٰ اپنے فضل وکرم سے آپ کی حفاطت فرمائے اور مزید ترقیاں و کامیابیاں عطا فرمائے۔

مزیدخبریں