ہمت ہے تو اپوزیشن پنڈی آئے‘ چوروں‘ ڈاکوئوں  سے قانون کے مطابق نمٹیں گے: شیخ رشید

Jan 11, 2021

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ لوگوں نے احتساب کے نام پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ووٹ دیا ہے لہٰذا ان چوروں اور ڈاکوؤں سے مفاہمت کے بجائے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ اگر اپوزیشن میں ہمت ہے تو یہ پنڈی کی طرف آئے۔ اے پی پی نے رپورٹ کیا کہ وزیر داخلہ نے فریڈم ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کی معیشت اور سیاست کو ٹھیک کریں گے اور اس وطن کو آگے لے کر جائیں گے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے مسلم لیگ (ن) کو اس حال تک پہنچایا ہے، اگر وہ دور اندیشی اپناتیں تو یہ حال نہ ہوتا۔ پیپلزپارٹی کا پنجاب میں عمل دخل نہیں ہے جبکہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی تحریک دم توڑ رہی ہے۔ میں نے پہلے ہی کہا تھا یہ نہ استعفیٰ دیں گے نہ الیکشن کا بائیکاٹ کریں گے بلکہ یہ سینٹ اور ضمنی انتخابات میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جو 31 دسمبر کی تاریخ دیتے تھے، یہ سال کونسا تھا یہ کسی کو معلوم نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سارا پاکستان فوج کے ساتھ ہے، بھارت اپنے ایجنٹوں اور سرمائے کے ذریعے پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے تاہم پاکستان کے خلاف سازشیں ناکام ہوں گی۔ وزیر داخلہ کے مطابق پاک فوج دنیا کی عظیم فوج ہے، فوج نے بہت قربانیاں دی ہیں لیکن فوج چوروں اور ڈاکوؤں کے لیے جان نہیں دے رہی۔ شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان بہترین لیڈر ثابت ہوئے جو جدوجہد کر رہے ہیں‘ پاکستان کو  آگے لیکر جائے گی۔ وزیراعظم پاکستان کی سیاست اور معیشت کو ٹھیک کریں گے۔ چوروں اور ڈاکوئوں سے مفاہمت کے بجائے ان کا احتساب کریں گے۔ دریں اثنا شیخ رشید سے آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمن  نے ملاقات کی۔ امن و امان کی صورتحال پر بات چیت کی۔ شیخ رشید نے کہا کہ نوجوان اسامہ  کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت جیسے کسی بھی واقعے کی آئندہ گنجائش نہیں ہے۔ پیشہ ورانہ غلطیوں اور کرپشن پر زیرو ٹالرنس ہوگی۔

مزیدخبریں