٭٭٭مختصر ترین عدالتی خبریں٭٭٭

ملتان(سپیشل رپورٹر) بجلی چوروں کے خلاف ایک سال کا عدالتی ڈیٹا حاصل کر لیا گیا، 2021 میں عدالتوں میں بجلی چوروں کے خلاف 11 سو 37 مقدمات کے فیصلے سنائے گئے۔ 
٭ لاہور  ہائیکورٹ ملتان بنچ میں 8 سال بعد لگنے والے کیس کا سائل دنیا سے  رخصت  ہوگیا۔ سائل کی وفات پر عدالت عالیہ نے درخواست داخل دفتر کردی ہے۔ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے ملازم ظفر حسین لنگاہ نے 2014 میں ٹرانسفر رکوانے کے لئے درخواست دائر کی تھی، 2014 کے بعد کیس 2022 میں فکس ہوا۔
٭لاہور ہائیکورٹ پرنسپل سیٹ پر گزشتہ روز ججز کی فل کورٹ میٹنگ کے باعث ملتان بینچ اور بہاولپور بینچ میں گزشتہ روز صرف دو ججز نے کیسز پر سماعت کی۔ ہائیکورٹ ملتان بینچ کے 9 ججز صاحبان جبکہ بہاولپور بینچ کے 4 ججز کی عدالتوں میں لگے کیسز کو ملتوی کر دیا گیا۔
٭ایڈیشنل سیشن جج ملتان گلزار احمد خالد نے لڑکی کی نازیبا تصاویر بنانے اور اسکے رشتے داروں کو بھجوا کر بلیک میل کرنے والے گرفتار ملزم کی درخواست ضمانت خارج کرنے کا حکم دیا ہے۔
٭ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے بجلی چوری کے مقدمہ میں ملوث ملزم کو اقبال جرم پر پروبیشن پر بھجوانے کی سزا کا حکم دیا ہے۔
٭ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے بجلی چوری کرکے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچانے کے مقدمہ میں ملوث ملزم کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 20 جنوری تک گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔
٭سیشن کورٹ ملتان نے منشیات برآمد ہونے کے مقدمہ میں ملوث ملزم کو اقبالی بیان پر 15 ماہ پروبیشن پر رہنے اور 9 ہزار جرمانہ ادا کرنے کی سزا کا حکم سنایا ہے۔ 
٭ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے واپڈا کی مین لائن میں ڈائریکٹ تار لگا کر بجلی چوری کرنے کے  مقدمہ میں ملوث ملزم کی عبوری ضمانت 50 ہزار کے ضمانتی مچلکوں کے عوض کنفرم کرنے کا حکم دیا ہے۔
٭ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے امانت میں خیانت کرنے کے مقدمہ میں ملوث ملزم کی عبوری ضمانت پر سماعت وکلا بحث کے لئے 18 جنوری تک ملتوی کرنے کا حکم دیا ہے۔
٭ایڈیشنل سیشن جج ملتان نے شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے کے مقدمہ میں ملوث ملزم کی عبوری ضمانت پر سماعت وکلاء  بحث کے لئے 15 جنوری تک ملتوی کا حکم دیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن