پی سی بی کاسرکاری اورنجی ٹی وی کے کنسورشم سے معاہدہ 


لاہور (سپورٹس رپورٹر) کرکٹ شائقین ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے سیزن 2022 اور2023 کا ایڈیشن سرکاری ٹی وی اور نجی ٹی وی پر براہ راست دیکھ سکیںگے کیونکہ پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ کے سیزن 2022 اور 2023 کے نشریاتی حقوق کیلئے سرکاری ٹی وی اور نجی ٹی وی کے کنسورشم سے تاریخی معاہدہ کرلیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق دونوں فریقین نے پی سی بی ہیڈکوارٹرز میں معاہدے پر دستخط کئے۔اس کنسورشیم نے ٹی وی براڈکاسٹ رائٹس کیلئے سب سے زیادہ 4ارب 35کروڑ 78لاکھ روپے سے زائدکی بولی لگا کر نشریاتی حقوق حاصل کئے۔ جو گزشتہ سائیکل کے مقابلے میں 50 فیصد زائد کی بولی ہے۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے کہا کہ وہ اس تاریخی معاہدے پر سرکاری ٹی وی اور نجی ٹی وی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔پی ایس ایل ہماری قومی شناخت بن چکی ہے، جو شائقین کرکٹ کو تیزی سے اپنی طرف راغب کررہی ہے۔ شائقین کرکٹ بھی لیگ کے میچز دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں سٹیڈیم کا رخ کرکے پی ایس ایل کے برانڈ کے لیے اپنی غیر مشروط حمایت کا اظہار کرتے ہیں۔رمیز راجہ نے کہا کہ پی ایس ایل نہ صرف پاکستان کے شائقین میں بلکہ غیر ملکیوں میں بھی مقبول ہے، جہاں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شائقین ِکرکٹ اس لیگ سے محظوظ ہوتے ہیں۔یہ لمحہ مثالی ہے کیونکہ یہاں ہم نے ٹی وی رائٹس کے فروخت کے لیے بے مثال قیمت حاصل کی ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ پی ایس ایل کتنا بڑا برانڈ بن چکا ہے ۔پاکستان سپر لیگ کا ساتواں ایڈیشن 27 جنوری سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔ ایونٹ کا فائنل 27 فروری کو قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔

ای پیپر دی نیشن