لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مری کے ہوٹلوں میں اوورچارجنگ کی شکایات پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے اور مقررہ کرائے سے زیادہ وصول کرنے والے ہوٹل مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور متعلقہ حکام اوور چارجنگ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں اور کھانے پینے کی اشیاء اور رہائش میں اوور چارجنگ کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ سیاحتی مقامات پر سیاحوں کو لوٹنے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ اوورچارجنگ کاروبار نہیں، لوٹ مار کے مترادف ہے جو قطعاً برداشت نہیں۔ علاوہ ازیں مری میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ اور بارشوں و دیگر واقعات کے باعث عمارتیں گرنے سے جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کو مالی امداد دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کیلئے 3 کروڑ 35 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ناگہانی واقعات میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ مالی امداد کسی زندگی کا مداوا نہیں۔ غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ مری میں پیش آنے والے واقعہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو ایک کروڑ 76لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔ مری کے واقعہ کی انکوائری کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی 7 روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ کوتاہی یا غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف ایکشن ہوگا۔ عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ ملتان نے سستا ریڑھی بازار قائم کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ریڑھی بازار سے عوام سستے داموں پھل و سبزیاں خرید سکیں گے۔ سستے ریڑھی بازار کا مقصد عوام کو مصنوعی مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کرونا ویکسی نیشن مہم کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کو بوسٹر ڈوز لگانے کے عمل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ اومی کرون ویرینٹ کے باعث کرونا کیسوں میں اضافے پر تشویش ہے۔عثمان بزدار نے مانانوالہ کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
مری کے ہوٹلوں میں اوور چار جنگ پر برہمی، سیاحوں کو لوٹنے پر معاف نہیں کرینگے : عثمان بزدار
Jan 11, 2022