ملتان(خبرنگارخصوصی)سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان میں محکمہ موسمیات کے تعاون سے کروڑوں روپے کی لاگت سے خودکار موسمیاتی اسٹیشن قائم کردیا گیا ہے جس کا لنک ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے جس سے دنیا بھر میں پاکستان کے موسم کی صورتحال کا آن لائن مشاہدہ کیا جا سکے گا۔ ڈائریکٹر سی سی آر آئی ملتان ڈاکٹر زاہد محمودکا کہنا ہے کہ ادارہ میں قائم کردہ موسمیاتی اسٹیشن پر لگی مشینری جاپانی ٹیکنالوجی پر مشتمل ہے جس میں مختلف قسموں کے جدید سینسر لگے ہیں جن کی مدد سے ہم موسم کی ہر لمحہ کی صورتحال بارش،ہوا کی رفتار، سورج کی روشنی کے وقت کی حد،زمین کا درجہ حرارت، ہوا میں نمی کا تناسب اور آبی بخارات کا ڈیٹا معلوم کرسکتے ہیں۔ ڈاکٹر زاہد محمود نے بتایا کہ ادارہ ہذا میں قائم موسمی سٹیشن کے قیام سے ہم اپنے کسانوں کو بذریعہ آن لائن موسم کی صورتحال بارے آگاہی فراہم کر سکتے ہیں۔