پاک فوج اور ایف سی کی بلوچستان میں مختلف شعبہ جات میں شاندار خدمات

Jan 11, 2022

 وطن یار خلجی 
watanyar.pro786@gmail.com
پاک فوج اور ایف سی کا کام بالعموم سیکورٹی اور سرحدوں کی حفاظت ھے، لیکن درحقیقت  اس قومی ادارے نے قدرتی آفات میں امدادی سرگرمیوں کے تحت متاثرہ علاقوں میں   لوگوں کی بحالی کیلئے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا  ہے۔ صوبہ بلوچستان میں بہت کم علاقوں میں پاک فوج موجود ھے لیکن صوبے میں زیادہ ترایف سی موجود ھے۔ پاک فوج اور ایف سی بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں وطن عزیز کے لئے ہمہ تن خدمات میں سر گرم عمل ہے۔ ہمیں معلوم ھے کہ ھمارے ھمسایہ ملک افغانستان میں صورتحال گزشتہ چالیس سالوں سے پاکستان کیلئے ناموافق رہی ہے ۔ دہشت گردی کے شدید نقصانات اٹھاتے ہوئے ھم نے اپنے پیاروں کے ساتھ ساتھ پاک فوج اور ایف سی کے آفیسروں اور جوانوں کی لاشیں بھی اٹھائی ھیں۔ سرحدوں پرامن قائم رکھنے اور بیرونی دشمنوں کی سازشوں کو روکنے میں پاک فوج اور ایف سی کا کردار ہمیشہ نمایاں رھا ھے۔   
بلوچستان کے طول و عرض میں عوام الناس کے لئے سال2021 میں پاک فوج اور ایف سی کے شاندار خدمات رہی ھیں اور ان شاندار خدمات  کا تسلسل  برسوں سے جاری ہے ۔ پاک فوج اور ایف سی بلوچستان نے  گزشتہ سال لوگوں کو صحت کے شعبے میں میڈیکل کیمپس کی صورت میں مفت سہولیات فراھم کی ھیں۔ یہ سہولیات بلوچستان کے ان  دیہی علاقوں تک پہنچائی گئی ھیں جو  انتہائی  دورافتادہ علاقے ھیں۔ جہاں پر محکمہ صحت حکومت بلوچستان کے بلڈنگ کی حد تک تو سہولت ھے مگر یہ سہولتیں فعال نہیں ۔ ایف سی بلوچستان نارتھ اور ایف سی بلوچستان ساؤتھ اور پاک فوج مل کرصحت کے شعبے میں یہ خدمات گوادر سے لیکر ژوب تک انجام دے رہے ہیں۔جہاں مردوں کے علاہ خواتین  اور بچوں کو بھی بڑی تعداد میں ماہر ڈاکٹروں  کے ذریعے علاج ومعالجہ اور مفت ادویات   فراھم کی گئی ہیں ۔
 ایف سی بلوچستان ساؤتھ کے زیر اہتمام تفتان میں مفت طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ایک میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں 380 خواتین 65 بچوں اور 15 آدمیوں کا علاج ومعالجہ ھوا۔علاقے کے زعما نے ایف سی بلوچستان کی جانب سے اس سہولت کی فراہمی کو سراھا اور کہا کہ امید ھے کہ آئندہ بھی عوام کو یہ طبی سہولیات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رہیگا۔اسی طرح تحصیل تمپ کے علاقے عیسیٰ آباد میں ایک میڈیکل کیمپ کے دوران 243 بچوں147 مردوں اور 198 خواتین کا مفت علاج ومعالجہ کیا گیا۔ایف سی  نے بنیادی صحت مرکز راجے کلی،قادر آباد گوال سٹپ اور ودیان کلی تربت میں میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا جس میں 120 مریضوں کا علاج ھوا اور انہیں فری ادویات دی گئیں۔ایف سی نے مہیر میں ایک کیمپ منعقد کیا جسمیں 110 بچوں سمیت 180 خواتین اور150 مردوں کا علاج ومعالجہ ھوا اور ان کے بنیادی ٹیسٹ بھی مفت کئے گئے۔ان دورافتادہ علاقوں کے لوگوں اور سماجی و عوامی حلقوں نے علاج معالجہ کے سلسلے میں ایف سی بلوچستان ساؤتھ کی عوام دوست  خدمات کو سراہاھے۔ 
 دوسری جانب ایف سی بلوچستان نارتھ نے بھی گزشتہ سالوں کی طرح سال 2021 میں بلوچستان کے دورافتادہ علاقوں میں شاندار طبی خدمات انجام دی ھیں۔انتہائی پسماندہ علاقوں جہاں لوگ زندگی کے بنیادی سہولتوں سے محروم ھیں،ایف سی بلوچستان نارتھ نے گزشتہ سال 90 میڈیکل کیمپس منعقد کئے اوران میڈیکل کیمپوں میں33 ہزارمریضوں کا مفت علاج ومعالجہ کیا گیا۔مریضوں میں مرد خواتین اور بچے شامل ھیںجنہیں مفت ادویات بھی فراھم کی گئیں۔ اس دوران ایف سی بلوچستان نے باقاعدہ موبائل لیبارٹری کا بھی اہتمام کیا تھا۔ جہاں پر بنیادی ٹیسٹ کئے گئے۔ہیلتھ سیکٹر میں اگر ھم دیکھیں تو پاک فوج اور ایف سی بلوچستان کی جانب سے علاج ومعالجہ کے فری کیمپوں کے علاہ بھی اھم خدمات انجام دی گئی ھیں ۔ بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پاک فوج کے زیر اہتمام پہلا انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا قیام عمل میں لایا گیا جس پر کام تکمیل کے مراحل میں ھے اور یہ اھم ترین انسٹیٹیوٹ اس سال مارچ2022 تک باقاعدہ فنکشنل ھوجائیگا۔ اور کارڈیالوجی کے حوالے سے اس انسٹیٹیوٹ کا قیام بلوچستان کے عوام کے ساتھ محبت اور انہیں علاج کی جدید سہولیات پہنچانے کے عزم کا اظہار ھے۔ بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں میں ماھوار بیس ھزار مریضوں کا علاج ومعالجہ بذریعہ میڈیکل کیمپ اور ٹیلی میڈ ٹارگٹ رھا ھے۔ پاک فوج اور ایف سی بلوچستان  نے حکومت بلوچستان کے ساتھ ملکر منیجمنٹ آف میڈیکل فیسیلٹیز دی ھیں۔ جیسا کہ جی ڈی اے ہسپتال گوادر، ساچن ہسپتال مند اور اس کے علاہ بلوچستان بھرمیں بنیادی مراکز صحت شامل ھیں۔ اس کے علاہ  پاک فوج نے صوبے کے میڈیکل کالجز سپیشلائزیشن ٹریننگ کے لئے کمبائنڈ ملٹری ہسپتالوںکے ساتھ منسلک بھی کردئیے ہیں۔تاکہ بلوچستان کو بہترین ڈاکٹرز ملیں جو عوام کی بہتر خدمت کرسکیں۔اس طرح بولان میڈیکل یونیورسٹی بھی منصوبے کا حصہ ھے۔
 صحت کے شعبے میں بلوچستان کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے علاہ پاک فوج اور ایف سی بلوچستان نے تعلیم کے شعبے میں بھی کارنامے انجام دیئے ہیں۔ پاک فوج نے بلوچستان کے نوجوانوں کو اعلی و معیاری تعلیم کی سہولیات بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دی ھیں اور اس مقصد کے لئے اعلی تعلیمی اداروںکاقیام عمل میںلایاگیا ھے۔بلوچستان میں کیڈٹ کالجز کا یکے بعد دیگرے اجراء جاری ہے۔ اس وقت 6 نئے کیڈٹ کالجز کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ھے جو کہ عنقریب تکمیل کو پہنچیں گے۔ان میں دو گرلز کیڈٹ کالج بھی شامل ھیں۔جوکہ بلوچستان میں خواتین کو کیڈٹ کی تعلیم سے آراستہ کرنے کا اھم ترین منصوبہ ھے اور یہ پاک فوج کا  قابل تحسین اقدام ھے۔ یہ چھ نئے کیڈٹ کالجز کوئٹہ، قلعہ عبداللہ ، آواران، تربت، گوادر اور خاران میں تعمیر ھورھے ھیں ان علاقوں کے عوام اور بلوچستان کے سماجی و عوامی حلقوں نے ان کالجز کے قیام کے عمل کو سراھا ھے۔علاوہ ازیں پاک فوج کے زیر اہتمامNUST کیمپس بھی کوئٹہ میں گزشتہ سالوں میں قائم ھوا ھے جہاں پر 155 طلبا اس وقت زیر تعلیم ھیں۔کوئٹہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز جیسا اھم ترین ادارہ بھی قائم ھوچکا ھے اور473 طلبا اب تک اس ادارے سے گریجویشن کر چکے ھیں۔ پاک فوج کے بلوچستان میں تعلیمی انقلاب برپانے کے عزم کا ایک اور کارنامہ IBA کیمپس کا قیام بھی زیر غور ھے اور یہ ادارہ بلوچستان کے طلبا اور IBA  کی تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کے لئے باعث مسرت ھوگا۔
 ایف سی بلوچستان نارتھ بلوچستان کے 34 میں سے 24 اضلاع میں موجود ھے اور یہ وہ اضلاع ھی۔ جس کی آبادی کی اکثریت بنیادی سہولتوں جیسے کہ تعلیم صحت پینے کے صاف پانی سڑکوں اور سوشل سیکورٹی سے محروم چلے آرھے ھیں۔ایف سی بلوچستان ان علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے کوشاں ھے ۔ ھم اگر تعلیم کی مد میں خدمات کو دیکھیں تو ہمیں نظر آئیگا کہ ایف سی بلوچستان نارتھ کے زیر اہتمام صوبے کے ان علاقوں میں 12 کالجز، 13 ھائی سکولز،10 مڈل سکولز اور 29 پرائمری سکولز قائم ھیں۔ان میں سے کئی سکولوں میں بچوں کو فری کتابیں اور فری یونیفارم فراھم کئے جارھے ھیں۔ان اداروں میں 16000 ھزاربچے تعلیم حاصل کررھے ھیں۔جس میں 24 فیصد بچیاں شامل ھیں ۔ان تعلیمی اداروں میں  800 اساتذہ کرام اور 300 دیگر عملہ خدمات انجام رھا ھے۔ ایف سی بلوچستان کی یہ تمام کاوشیں قابل قدر ھیں اور اس کے نتائج بھی بہت اچھے برآمد ھورھے ھیں کیونکہ یہاں پر تعلیم کی معیار انتہائی اعلی درجے کی ھے۔ایف سی بلوچستان کے 40 سکولز FBISE اسلام آباد کے ساتھ الحاق شدہ ھیں۔اور یہ سکولز بہترین پوزیشن ہولڈر ھیں۔ علاہ ازیں ایف سی بلوچستان صوبے کے دورافتادہ علاقوں کے غریب اور ھونہار طلبا کو سکالرشپ پر ملک کے مختلف علاقوں کے اعلی تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کروا رھی ھے۔ ۔ جس کے اخراجات بھی ایف سی بلوچستان ادا کررھی ھے۔جوکہ خوش آئند اقدام ھے۔
اس کے علاہ ساؤتھ بلوچستان میں کجھوروں کے فصل کو بہتر اور صاف بنانے کے لئے پاکستان کا پہلا ڈیٹس پروسیسنگ پلانٹ بھی پنجگور کے علاقے میں لگایا گیاھے۔ تاکہ کجھور ضائع نہ ھوں اور اس کو ایک پروسس کے ذریعے مزید بہتر اور صاف کیا جاسکے۔ اور ڈیٹس پروسیسنگ پلانٹ اگست 2021 میں لگایا گیا۔ تاکہ علاقے کے لوگوں کے ذریعہ معاش میں بہتری آسکے۔ کجھور مکران ڈویژن کا اھم فصل ھے اور مقامی لوگوں کا ذریعہ معاش بھی ھے۔یہاں کا کجھور نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں مقبولیت  رکھتا ھے۔ مکران ڈویژن کے مقامی لوگ جوکہ اس ذریعہ معاش سے وابسطہ ھیں چونکہ بہت ھی غریب ھیں۔اور وہ کجھوروں کو پروسس کرنے سے قاصر تھے تاکہ ان کے کجھور مارکیٹ میں اچھی قیمت پر فروخت ھوسکے۔لہذا پاک فوج اور ایف سی بلوچستان نے علاقے کے غریب لوگوں کے اس کاروبار کو مذید بہتر بلکہ منافع بخش بنانے کے لئے ڈیٹس پروسیسنگ پلانٹ پنجگور میں لگایا۔  صوبے کے  لوگوں کیلئے سرحدی علاقوں میں بہتر اور قانونی روزگار و کاروبار کے مواقع  پیدا کئے جار ہے ہیں اس کے پیش نظر پاک فوج کے تعاون سے سرحدی علاقوں میں بارڈر مارکیٹس کا قیام عمل میں لایا جارھا ھے۔ اب تک 12 مشترکہ مارکیٹوں کی تعمیر کا آغاز ھوچکا ھے۔پہلی مشترکہ بارڈر مارکیٹ جوکہ مند رویک ضلع کیچ میں واقع ھے اس کا افتتاح 15 جنوری 2022 کو متوقع ھے۔
پاک فوج اور ایف سی سیلاب اور زلزلے کے تباہ کاریوں کے  علاہ موسمی صورتحال میںبھی  ہمیشہ پیش پیش رھے۔گزشتہ سال جب سات اکتوبر کو ھرنائی میں تباہ کن زلزلہ آیا اس آفت کی گھڑی میں پاک فوج اور ایف سی بلوچستان نارتھ نے متاثرہ خاندانوں کی بروقت مدد کی۔ اور زخمیوں کو طبی امداد پہنچائی شدید زخمیوں کو آرمی ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوئٹہ منتقل کیا گیا۔ اس آفت کی گھڑی میں عوام کے ساتھ ھر ممکن مدد کی گئی۔ 300 سے زیادہ افراد جن میں بچے اور خواتین بھی شامل تھے زخمی ھوئے۔اس زلزلے کی تباہ کاری نے 23 دیہات شدید طور پر مکمل متاثر کئے۔ 5059 مکانات مکمل طور پر گر گئے۔پاک فوج اور ایف سی بلوچستان نارتھ نے 6230 سپیشل راشن پیکج، 17214 ٹینٹ،20204 کمبل،1330 گیس سلنڈر،250 فرسٹ ایڈ کٹس،63819 سپیشل ایڈمنسٹریٹیو پیکجز فراھم کئے۔

مزیدخبریں