موغادیشو(شِنہوا)صومالیہ کی فوج نے کہا ہے کہ اس کے خصوصی دستوں نے زیریں شابیلی کے جنوبی علاقے میں شدید لڑائی کے دوران الشباب کے 25 عسکریت پسندوں کو ہلاک اور متعدد دیگر کو زخمی کر دیا ہے۔صومالی نیشنل آرمی (ایس این اے)کی غورغور (دی ایگلز)یونٹ کے کمانڈر عبداللہی ناگے نے پیر کے روز صومالیہ کی سرکاری خبر رساں ایجنسی صونا کو بتایا کہ فوجی اڈوں پر حملہ کرنے کیلئے توکل اور بریری کے مقامات کے درمیانی علاقے میں عسکریت پسندوں کے دوبارہ منظم ہونے کی خفیہ اطلاعات موصول ہونے پر فوج نے کارروائی کی۔عبداللہی ناگے نے بتایا کہ ہماری فورسز نے گزشتہ روز سہ پہر کے وقت زیریں شابیلی خطے میں بریری کے مقام پر مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ ایک کارروائی کی ، مزید بتایا کہ اس کارروائی میں ایس این اے کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔زیریں شابیلی میں تازہ ترین فوجی حملے سے متعلق صونا کی خبر پر الشباب کی جانب سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔
صومالی فوج کا الشباب کے 25 عسکریت پسند ہلاک کرنے کا دعوی
Jan 11, 2022