لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے مستقبل میں مری جیسے سانحات سے بچنے، اربوں ڈالر کی سیاحت کی صنعت کے تحفظ اور انسانی جانوں کا ضیاع روکنے کیلئے ٹریول ایڈوائزری، ویدر الرٹ اور انفراسٹرکچر کی فوری بہتری کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر، سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے انکوائری کا حکم دینا خوش آئند مگر ذمہ داروں کو فوری طور پر انصاف کے کٹہرے میں لانا ضروری ہے کیونکہ یہ نہ صرف قیمتی انسانی جانوں بلکہ اربوں ڈالر کی سیاحت کی صنعت کے مفادات کا بھی معاملہ ہے۔ انہوں نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحہ نے انتظامی کمزوریوں کو عیاں کیا ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ حکومت سیاحت کے شعبہ کو فروغ دینے کیلئے بھرپور کوششیں کررہی ہے مگر مری کے سانحہ نے ان کو بری طرح دھچکا لگایا ہے۔ موجودہ صورتحال دوراندیشی، اجتماعی کوششوں اور بیرون ملک پاکستانی مشنز کے بہترین کردار کی متقاضی ہے تاکہ ملک دشمن عناصر کا پراپیگنڈہ ناکام بنایا جاسکے۔عہدیداروں نے پاک فوج اور ریسکیو ورکرز کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے مدد فراہم کرکے لوگوں کی جانیں بچائیں۔
سانحہ مری :ذمہ داروں کوفوری کٹہرے میں لانا ضروری :چیمبر آف کامرس
Jan 11, 2022