لاہور (کامرس رپورٹر ) صوبہ پنجاب کو معاشی طور پر مستحکم کرنے اور صنعتی ترقی کیلئے سپیشل اکنامک زون کمیٹی نے ایم تھری انڈسٹریل سٹیٹ میں 3 کمپنیوں کو زون انٹرپرائز کا درجہ دینے کی منظوری دے دی ہے۔ ان کمپنیوں کے آغاز سے صوبہ پنجاب میں تقریباً ساڑھے 11 ارب روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے جس سے سینکڑوں نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی۔صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے انتظامیہ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ زون میں ترقیاتی کاموں کو تیز کیا جائے اور ون ونڈو آپریشنز کے ذریعے صارفین کو بروقت اور بہترین خدمات فراہم کی جائیں۔ پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت نے پنجاب میں سپیشل اکنامک زون اتھارٹی کے سیکرٹریٹ کے طور پر ان کمپنیوں کو زون انٹرپرائز کا درجہ حاصل کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ سپیشل اکنامک زون کمیٹی نے اپنے اجلاس میں نیشنل فوڈ لمیٹڈ، یاماک انجینئرنگ پرائیوٹ لمیٹڈ اور ہارون کارپوریشن پرائیوٹ لمیٹڈ کو سپیشل زون انٹرپرائز کا درجہ دینے کی منظوری دی۔ زون انٹرپرائز میں داخلے اور زمین کی الاٹمنٹ کیلئے درخواست وفاقی بورڈ برائے سرمایہ کاری کے ڈیزائن کردہ خصوصی طریقہ کار کے ذریعے جمع کی گئی۔ یہ خصوصی طریقہ کار حکومت کے وژن کے مطابق کاروبار کے آغاز میں شفافیت اور حکومتی سطح پر سہولت کاری کو یقینی بناتا ہے اور ون ونڈو آپریشن کے طور پر کام کرتا ہے۔ زون انٹرپرائز کا درجہ حاصل کرنے کے بعد اب یہ کمپنیاں خصوصی اقتصادی زونز کو حاصل کردہ مراعات کے حصول کی حقدار ہیں جن میں ٹیکس اور مشینری کی درآمد کیلئے کسٹم ڈیوٹی میں چھوٹ کی مستحق ہیں۔