کوشش ہے کہ مستحق خاندانوں کی سہولت کیلئے احساس ون ونڈو کے دائرہ کار بڑھایا جائے، ثانیہ نشتر
منصوبہ بندی و ترقی کے وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت عوام خصوصا معاشرے کے پسماندہ طبقوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو اسلام آباد میں کابینہ کے دوسرے ارکان کے ساتھ ا حساس ون ونڈو آفس کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر ایک فلاحی ریاست میں تبدیل کرنے کیلئے وزیراعظم عمران خان کے نصب العین کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں۔ اسد عمرنے کہا کہ احساس ون ونڈو آفس کے افتتاح سے مستحق خاندانوں کو احساس سے متعلق تمام سہولتیں ایک چھت کے نیچے فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے تعلیم کے وزیر شفقت محمود نے کہا کہ احساس وظائف پروگرام کا دائرہ انٹر میڈیٹ کی سطح تک بڑھا دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک بڑا قدم ہے جس سے خصوصا لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔صنعتوں اور پیداوار کے وزیر خسرو بختیار نے کہا کہ مستحق خاندانوں کو رعایتی نرخوں پر اشیا خوردونوش کی فراہمی کیلئے احساس راشن سکیم شروع کی گئی ہے۔غربت کے خاتمے کے بارے میں معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے اظہار خیال کرتے ہوئیکہاکہ ہماری کوشش ہے کہ مستحق خاندانوں کی سہولت کیلئے احساس ون ونڈو کے دائرہ کار بڑھایا جائے.