عمران قا ئد اعظم جیسے لیڈر ، شریف برادران دو نمبر ہیں :    پرویز الہی 


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے گلشن راوی ٹی جنکشن انڈر پاس، سمن آباد موڑ انڈر پاس پراجیکٹ اور سمن آباد سٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ پرویز الٰہی نے   تقریب سے خطاب میں کہا کہ عمران  سچا اور کھرا لیڈر ہے۔ عمران خان جیسا کھرا اور سچا لیڈر  پاکستان میں نہیں ملنا۔ عمران خان عوام کی بہتری اور بھلائی کے لیے ہر خطرہ مول لے رہے ہیں۔ حملے میں عمران خان کو اللہ تعالیٰ نے محفوظ رکھا۔ عمران خان پر حملہ کرنے والے اور اس کے پیچھے لوگ جلد پکڑے جائیں گے۔ عمران خان کے ہوتے ہوئے عوام کو کوئی فکر کی ضرورت نہیں ہے۔ ہمیں علم ہے کہ عمران خان ایماندار ہے، اسی لئے لوگ عمران خان کے ساتھ ہیں۔ قائداعظم انگریزی بولتے تھے لیکن عوام ان پر اعتماد کرتے تھے اور ان کی بات سمجھتے تھے کیونکہ وہ ایماندار تھے۔ عمران خان بھی قائداعظم کی طرح بڑے لیڈر اور ایماندار ہیں۔ ن لیگ آگے چل کر کہیں نظر نہیں آئے گی اور صرف ہمارے کام اور پی ٹی آئی ہی نظر آئے گی۔ بے ایمان حکمرانوں کے کام میں برکت نہیں ہوتی، یہ تباہی کی طرف لے جاتے ہیں۔ شہباز شریف اور نواز شریف دو نمبر ہیں، شروع سے ہی دو نمبریاں کر رہے ہیں۔ شریفوں نے قسم کھائی ہے کہ ایک نمبر کام کرنا ہی نہیں۔ دوسری قسم شریفوں نے کھائی ہے کہ کہیں بھی اپنے پیسے نہیں لگانے صرف لوگوں کے لگانے ہیں، بعد میں لو گ ان سے پیسے مانگتے ہیں لیکن انہیں واپس نہیں ملتے۔ شہباز شریف کو بہترین طریقے سے مانگنے کا سلیقہ آتا ہے۔ شریفوں کی حکومت اب مانگت حکومت بن گئی ہے۔ لاہور میں 20 ارب روپے کے پراجیکٹس شروع کر رہے ہیں جو ایک سال میں مکمل ہو جائیں گے۔ سمن آباد میں سپورٹس کمپلیکس اور کمیونٹی سینٹر بھی بنایا جائے گا۔ لاہو رکے بے ہنگم پن کا خاتمہ کرنا چاہتے ہیں۔ ماسٹر پلان میں تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھ کر منصوبہ بندی کی گئی۔ لاہور کے ماسٹر پلان پر کام 2 برس قبل پی ٹی آئی کی حکومت میں شروع ہوا اور اوپن ٹینڈرنگ ہوئی، غیر ملکی کمپنیوں نے ماسٹر پلاننگ کی۔ ن لیگ کا میڈیا سیل ماسٹر پلان کے خلاف پراپیگنڈا کر رہا ہے۔ ماسٹر پلان کے تحت زرعی اور رہائشی اراضی کی حد بندی کی گئی ہے۔ ماحول دوست منصوبوں کی تکمیل سے سموگ، ماحولیاتی اور صوتی آلودگی میں بھی کمی آئے گی۔ سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا کہ لاہور کی ترقی کے حوالے سے فرخدلی کا مظاہرہ کرنے پر وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ قبل ازیں  وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے گلشن راوی ٹی جنکشن انڈر پاس کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا اور بند روڈ کی بحالی کے پراجیکٹ کا بھی آغاز کیا۔

ای پیپر دی نیشن