لاہور(خصوصی نامہ نگار)جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ ملک اس وقت بدترین معاشی حالات کا شکار ہے،آئی ایم ایف کے چنگل سے نکلنے کیلئے ہمیں اپنا طرز زندگی بدلنا اور حکمرانوں کو پالیسیوں پر نظر ثانی کرنا ہوگی۔ قوم کو خود انحصاری اور کفایت شعاری کو اپنانا پڑے گا،ورنہ ہم آئندہ نسلوں کے بھی مجرم ہوں گے۔آئی ایم ایف سے قرض لینے کا تسلسل کسی صورت ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔ ہمیں خود انحصاری کی پالیسی پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔قرض لینے کا افسوسناک پہلو یہ ہے کہ آئی ایم ایف سے مسلسل قرض لیکر ہم اپنی آئندہ نسلوں کو مقروض کرتے جا رہے ہیں اورپھر ملکی سلامتی پر بھی سمجھوتہ کرنا پڑتاہے۔ حیرت ہے کہ ہم ایٹمی قوت ہونے کے باوجود توانائی اور غذائی بحران کا شکار ہوچکے ہیں۔ عوام اس وقت آٹے کی خاطر ذلیل و خوار ہورہے ہیں، جبکہ ذخیرہ اندوزوں کو حکومت بے نقاب کرسکی ہے اور نہ ہی آٹے کی قیمتوں میں کمی کی جاسکی ہے۔