لاہور(نمائندہ خصوصی)ٹریفک وارڈن وسیم ارشد نے مسٹر لاہور کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ وسیم ارشد تن سازی (باڈی بلڈنگ) کے مقابلے میں مسٹر لاہور قرار پائے جنوری 2022 میں مسٹر لاہور کے مقابلے میں ٹریفک وارڈن وسیم ارشد رنر اپ رہے تھے جبکہ جنوری 2023 میں وسیم ارشد نے مسٹر لاہور کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ ڈاکٹر اسد ملہی نے حوصلہ افزائی کیلئے وسیم ارشد کو آفس بلا یا اور تعریفی اسناد جاری کرنے کے علاوہ مسٹر پنجاب اور مسٹر پاکستان کے مقابلے کی تیاری کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ دس سال کی مسلسل محنت، لگن، عزم اور پختہ ارادوں نے ٹریفک وارڈن کو سرخرو کیا۔سخت ڈیوٹی کیساتھ ساتھ مسٹر لاہور کا ٹائٹل جیتنا کسی چیلنج سے کم نہیں کھیل کسی بھی معاشرے میں تحریک اور زندگی کی علامت ہوتے ہیں۔محدود وسائل اور سخت نوکری کے باوجود وسیم ارشد کا مسٹر لاہور کا ٹائٹل جیتنا قابل ستائش ہے۔