لاہور(نمائند ہ خصوصی)سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے سانحہ جی پی او چوک کی 15ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں شہدا پولیس کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2008ء میں آج ہی کے دن جی پی او چوک میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے لاہور پولیس کے 17 افسران و جوانوں کی یاد ہمیشہ ہمارے دلوں میں تازہ رہے گی۔ یہ دن لاہور پولیس کے بہادر شہداء سے تجدیدِ عہد کا دن ہے جو ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنے کی ترغیب دیتا ہے کہ ہر قسم کے نامساعد حالات میں ملکی سلامتی کے درپے عناصر کیخلاف لاہور پولیس کا ہر سپاہی فرنٹ لائن فورس کی حیثیت رکھتا ہے۔جام شہادت نوش کرنے والے غیور افسران و اہلکار لاہورپولیس کا قابل فخر اور قیمتی سرمایہ ہیں۔ لاہور پولیس نے دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر کا مقابلہ کرتے ہوئے ہمیشہ بہادری کا مظاہرہ کیا ہے ۔لاہور پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے کیلئے تیار ہے۔ ملک و قوم کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنا لاہور پولیس کی شاندار روایت ہے۔ شہداء کے لواحقین کی فلاح و بہبود اور دیکھ بھال کیلئے تمام اقدامات کئے ہیں۔شہید ہونے والوں میں 2 اے ایس آئیز اور 15جوان شامل تھے۔ شہداء کے ورثاء کو مکمل تنخواہ سمیت دیگر سہولیات اور محکمہ پولیس میں ملازمتیں بھی دی گئی ہیں۔