لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا کہ مہنگائی کی چکی میں پسی عوام نااہل حکمرانوں کا ووٹ کی طاقت سے احتساب کریگی۔ حکومت کا کام عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے مگر حکومت عوام کامعاشی قتل کررہی ہے۔ اقتدار سے قبل بے حس حکمران قیمتوں کو واپس لانے،مہنگائی کم کرنے اور عوام کو ریلیف مہیا کرنے کے بڑے بڑے دعوے کرتے ہیں مگر اقتدار ملنے کے بعد عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے عوام کی زندگی پہلے سے بھی کہیں زیادہ مشکل بنا دی۔اہل لاہور ہمارا ساتھ دیں انشاء اللہ حکمرانوں کو عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر مجبور کریں گے۔ جماعت اسلامی مہنگائی، بے روزگاری، بڑھتی غربت اور آٹا، چکن کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی 168 کے زیر اہتمام ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔