جاپانی ایٹم بم سے اتنا نقصان نہیں ہوا، جتنا تین پارٹیوں نے پاکستان کو پہنچایا: سراج الحق 

Jan 11, 2023


لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے ہوتے ہوئے ملک کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں۔ پھر کہتا ہوں جاپان کا دو ایٹم بموں سے اتنا نقصان نہیں ہوا جتنا تین بڑی جماعتوں کے سربراہوں نے ملک کو پہنچایا۔ آج چترال سے کراچی تک لوگ آٹے کی قطاروں میں کھڑے ہیں تو حکمرانوں کی بدانتظامی اور کرپشن کی وجہ سے، ٹرائیکا نے ہماری تہذیب، سماج، سیاست اور معیشت سمیت سب کچھ تباہ کر دیا۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہوا تو حکمران جماعتوں کے بیچ گالی گلوچ کا تبادلہ ہوا۔ قوم سڑکوں پر ہے، میرپور میں چند کلوآٹے کے لیے ایک پاکستانی شہید ہو گیا۔ وزیراعظم نے قیمتی گاڑیاں درآمد کرنے کی سمری پر دستخط کر دئیے، حکمرانوں کو گاڑیوں کی ضرورت ہے اور عوام کو روٹی کے نوالوں کی۔ جنیوا کانفرنس میں چند ارب ڈالر ملنے پر حکمران خوشی کے شادیانے بجا رہے ہیں۔ صرف اعلانات ہوئے ہیں، رقم تین سالوں میں ملے گی۔ اس رقم کی بات چھوڑیں، وزیراعظم بتائیں کہ ان کی جانب سے جو ستر ارب سیلاب متاثرین کے لیے اعلان کیا گیا، وہ رقم کہاں گئی؟ حکمران سیلاب متاثرین کے لیے ایک گھر نہیں بنا سکے۔ ایک شخص کو بھی امداد نہیں پہنچی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان اقبال میں دو روزہ سید مودودی انٹرنیشنل کانفرنس کے آخری سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت نے اسلامی جمعیت طلبہ کو کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر مبارک باد دی اور سٹوڈنٹ یونین کی بحالی کا مطالبہ کیا۔

مزیدخبریں