گوجرانوالہ‘ لاہور، قصور، شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی+ این این آئی+ آئی این پی) ملک بھر میں سردی کی لہر میں اضافہ ہو گیا۔ بلوچستان کے 13 اضلاع میں الرٹ جاری کر دیا گیا۔ پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کا راج جاری ہے۔ حد نگاہ متاثر ہونے کے باعث انتظامیہ نے کئی مقامات سے موٹرویز ٹریفک کیلئے بند کر دیں۔ لاہور ایئرپورٹ پر بیرون اور اندرون ملک کے لئے آنے جانے والی متعدد پروازیں تاخیر کا شکار اور 6 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ ٹریفک حادثات میں پانچ افراد جاں بحق‘ 16 زخمی ہو گئے۔ خیبر پی کے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔ شمالی بلوچستان میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ ساہیوال عارف والا روڈ پر شدید دھند کے باعث 118/9-L کے قریب تیز رفتار بس کی کار سے ٹکر ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں 20 سالہ نوجوان بشیر موقع پر جاں بحق‘ 4 افراد زخمی ہو گئے۔ فیصل آباد روڈ بھٹو کالونی کے قریب رکشہ بے قابو ہوکر الٹنے سے رکشہ میں سوار 26 سالہ عمران یاسین محلہ گڑھا شدید زخمی ہو گئے۔ خانیوال ٹول پلازہ کے قریب شدید دھند کے باعث تیز رفتار وین اور ٹرالر میں تصادم کے نتیجہ میں دو افراد عمر اور سید محبوب علی شاہ موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ اللہ رکھا‘ راشد‘ قیصر‘ اسرار زخمی ہو گئے۔ موڑ ایمن آباد کے قریب دھند کے باعث سکول وین اور کار کے مابین تصادم ہو گیا۔ پانچ طالبعلم حیدر‘ ابراہیم‘ علی شیر‘ خضر اور جابر زخمی ہو گئے۔ ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ موٹر سائیکل پر سوار 25سالہ محمد آصف اور اس کے ساتھ 23سالہ عابد سرائے چھینہ کام کے لیے جا رہے تھے کہ دھند کی وجہ سے کماد سے لوڈڈ ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئے جس کے نتیجہ میں محمد آصف موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ عابد علی زخمی ہوگیا۔ ٹریکٹر ٹرالی کو قبضہ میں لے لیا گیا ہے اور ڈرائیور فرار ہوگیا۔ حسب ضابطہ کارروائی کی جا رہی ہے۔خانقاہ ڈوگراں کے قریب لاہور سے عیسیٰ خیل جانے والی تیز رفتار بس نے نواحی گائوں میاں علی ڈوگرا ں کے رہائشی 10 سالہ بچے کو کچل دیا۔ پولیس نے بس اور ڈرائیور کو گرفتار کر لیا بتایا گیا ہے کہ لاہور کا رہائشی پیر محمد بس نمبرCAC-4399 لاہور سے عیسیٰ خیل جارہا تھا کہ میا ں علی ڈوگراں کے قریب دھند کے باعث 10 سالہ جمشید علی بس تلے آکر کچلا گیا۔ خانقاہ ڈوگراں پولیس نے بس اور ڈرائیور کو قبضہ میں لیکر کارروائی شروع کر دی ہے۔