لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم نے مونس الٰہی کے دوست احمد فاران خان کوبازیاب کرا کے آج عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ سی سی پی او لاہور نے احمد فاران خان کی بازیابی کیلئے عدالت سے مہلت طلب کی جس پر عدالت نے سماعت آج تک ملتوی کردی۔ احمد فاران خان کے وکیل نے عدالت کو بتایا تین جنوری کو ایف بی آر نے بیرون ملک دوروں، سرمایہ کاری کا تمام ریکارڈ طلب کیا۔ ایف آئی اے سے تمام ریکارڈ پیش کرنے کیلئے چند دن کی مہلت طلب کی۔ ہماری استدعا کے باوجود احمد فاران خان کو چند نامعلوم گاڑیوں میں سوار افراد نے اغوا کر لیا۔ احمد فاران خان کی بازیابی کیلئے کوششیں کیں، مقدمہ بھی درج کروایا گیا، تاحال احمد فاران کے متعلق کوئی علم نہیں، ایف آئی اے نے کہاں رکھا ہے، پنجاب میں حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والے افراد کو نیب اور ایف آئی اے کے ذریعے ہراساں کیا جا رہا ہے۔
ہائیکورٹ کا مونس الٰہی کے دوست احمد فاران کو بازیاب کرانے، عدالت پیش کرنے کا حکم
Jan 11, 2023