راولپنڈی(محبوب صابرسے )تحصیل آفس راولپنڈی میں آنے والے شہری مشکلات کا شکار ہو گئے، پینے کا صاف پانی اور بیٹھنے کیلئے جگہ نہ ہونے کے کھڑے ہو کر وقت گذارنے لگے، تحصیل آفس کا احاطہ پارکنگ میں تبدیل ہو گیا،سالانہ اربوں کا ریونیو دینے والا محکمہ مال شہریوں کیلئے درد سر بن گیا، کوئی پرسان حال نہیں ہے، رپورٹ کے مطابق تحصیل آفس راولپنڈی میں روزانہ درجنوں شہری اپنے اراضی کے متعلق کام کرانے کیلئے آتے ہیں ، تحصیلدار ، نائب تحصیلداروں اور اراضی ریکارڈ سینٹر میں روزانہ سائلین کا رش رہتا ہے اور مختلف کاموں جن میں فرد بیع، فرد ریکارڈ ، وراثت ، انتقال اور ضروری دستاویزات کی نقول حاصل کرنے کیلئے صبح سے ہی رش ہو جا تا ہے ، رپورٹ کے مطابق تحصیل آفس آنے والے شہریوں کیلئے بیٹھنے کیلئے کوئی جگہ نہیں ، تحصیل آفس میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کیلئے پا رکنگ کی جگہ بنائی گئی ہے لیکن وہ جگہ نا کافی ہونے کی وجہ سے شہری اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکل بے ترتیب کھڑے کر دیتے ہیں ، شہریوںنے کمشنر راولپنڈی ڈویژن ثاقب منان اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) شعیب علی سے اپیل کی ہے وہ اس ساری صورت حال کا نوٹس لیں اور مسائل کا ازالہ کریں۔