اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود نے این ایچ اے کے ملازمین کے لئے اپارٹمنٹس کی تعمیر کی منظوری کے بعد اس سلسلے میں عملی اقدامات اٹھانا شروع کر دئیے۔ انہوں نے 456 اپارٹمنٹس کی تعمیر سے متعلق اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں چئیرمین این ایچ اے کیپٹن( ر )خرم آغا سمیت این ایچ اے کے اعلی حکام نے شرکت کی ۔وفاقی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اے، بی، سی، ڈی کیٹگری کے 456 اپارٹمنٹس تعمیرکئے جائیں گے اور یہ منصوبہ تین سال دو ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے اس موقع پر ہدایات جاری کیں کہ تمام محکموں سے مشاورت کرکے منصوبہ کو جلد از جلد شروع کیا جائے۔ میں اپنے دور میں این ایچ اے ملازمین کی فلاح و بہتری کیلئے اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانا چاہتا ہوں ۔ اس لئے بین الاقوامی معیار کے مطابق اپارٹمنٹس کی تعمیر میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ موٹروے ایم ون اور ایم ٹو جنکشن پر اسلام آباد ائیرپورٹ کی طرف دو اضافی لوپس کو فورا مکمل کیا جائے۔ ان لوپس کی تعمیر سے پشاور اور لاہور سے آنے والے مسافروں کیلئے ائیرپورٹ جانے کیلئے آسانی پیدا ہوگی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسلام آباد کے بعد دوسرے شہروں میں بھی این ایچ اے ملازمین کیلئے سرکاری رہائشگاہیں تعمیر کی جائیں گی۔واضح رہے کہ یہ رہائشی اپارٹمنٹس این ایچ اے کی 121 کنال اراضی پر تعمیر ہوں گے، جہاں گرین ایریاز، کھیل کے میدان،سکول،مسجد اور ہسپتال کی سہولت میسرہوگی ۔ ملازمین کو یہ اپارٹمنٹس آسان اقساط پر فراہم کئے جائیں گے۔
اسعد محمود
این ایچ اے ملازمین کیلئے اپارٹمنٹس تعمیرکے منصوبہ کو جلد شروع کیا جائے، اسعد محمود
Jan 11, 2023