عوام کے مسائل جوں کے توں،زرداری وعدہ پورا کریں:ایم کیو ایم پاکستان

Jan 11, 2023


حیدر آباد (بیورو رپورٹ) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) حیدر آباد ڈسڑکٹ کے زیر اہتمام حیدر آباد پریس کلب پر سندھ سرکار کی تعصبانہ حلقہ بندیوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔احتجاجی مظاہرے میں ایم کیوایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر وسابقہ میئر کراچی وسیم اختر،ڈپٹی کنوینر عبدالوسیم، رکن رابطہ کمیٹی وسابقہ میئر حیدر آباد سید سہیل مشہدی، ایم کیوایم سندھ تنظیمی کمیٹی انچارج سلیم رزاق واراکین،حیدر آباد ڈسڑکٹ انچارج ظفر احمد صدیقی واراکین حق پرست ارکان اسمبلی حیدر آباد انجینئر صابر حسین قائم خانی،صلاح الدین،راشد خلجی،ندیم احمد صدیقی،ناصر حسین قریشی سمیت ٹاونز و یوسیز کے ذمہ داران اور خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔مظاہرین سے ڈپٹی کنوینر وسابقہ میئر کراچی وسیم اخترنے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم بلدیاتی نظام کو مضبوط بنانے کے لئے سپریم کورٹ گئے، سندھ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے کو خاطر میں نہیں لارہی ہے،انہوں نے کہاکہ ہم نے ان لوگوں کیساتھ جو معائدہ کیا اس میں عوام کے مسائل سامنے رکھے مگر چھ ماہ ہوگئے یہ ہمیں لارے لپے دے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے معاہدے میں مولانافضل الرحمن،شہباز شریف اور بلاول کے دستخط موجود ہیں مگرہمارے ساتھ دھوکے پر دھوکا کیا جارہا ہے،ہماری نیک نیتی کا ناجائز فائدہ نہ اٹھایا جائے۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کے 7 ووٹوں کی وجہ سے آج وفاق میں آپ حکومت کا حصہ ہیں آپکے وفاقی وزیر بیرون ممالک کے دورے کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بلدیاتی حلقہ بندیاں ہماری بقا اور آئندہ نسلوں کا معاملہ ہے، ہم الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے، ہمیں پتہ ہے پری پول دھاندلی ہوچکی  ہے لیکن ہم مقابلہ کریں گے، ان لوگوں نے ایم کیو ایم کی پیٹھ پر چھرا گھونپا ہے، ہمارے 7 ووٹ کنگ میکر ہے ہماری وجہ سے آپکی حکومت بنی۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس آج بھی دوسری طرف کا آپشن موجود ہے، آصف زرداری صاحب اپنا وعدہ پورا کریں، اگر وعدے پورے نہ کیے تو ایسا نہ ہو کہ جیسا عمران کیساتھ کیا ویسا ہی ہوجائے، جیسے ہم نے عمران کو اقتدار سے نکالا آپکو بھی باہر کرسکتے ہیں۔ مظاہرین سے ایم کیوایم حیدر آباد ڈسڑکٹ ممبرز دلاور قریشی ایڈوکیٹ اور صابرحسین ایڈوکیٹ نے خطاب کیا۔

مزیدخبریں