آپ اس بات سے بخوبی واقف ہوں گے کہ اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے کے سلسلے میں آپ کو بروکریج اکاؤنٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔ بروکریج اکاؤنٹ کے ذریعے آپ اہل ہوجاتے ہیں کہ اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرسکیں۔ ایک بروکریج اکاؤنٹ آپ کے منتخب کردہ اسٹاک- بروکر کے ساتھ کھولا جاتا ہے۔ آپ کا اسٹاک- بروکر وہ ’مڈل مین‘ ہے جو آپ کو اسٹاک ایکسچینج سے جوڑتا ہے اور آپ کو اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری اور ٹرانزیکشن تک رسائی فراہم کرتا ہے۔ پی ایس ایکس کی ویب سائٹ پر دستیاب چند بروکریج فرمز کو پہلے سے شارٹ لسٹ کرکے آپ اپنی انفرادی ترجیحات اور ضروریات کی بنیاد پر اپنے اسٹاک -بروکر کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ شارٹ لسٹنگ کے عمل کے بعد، آپ ان بنیادوں پر اپنی بروکریج فرم کو منتخب کر سکتے ہیں۔ آپ کے متعین کردہ سرمایہ کاری کے مقاصد کی مواصلات اور سمجھ بوجھ میں آسانی۔ سرمایہ کاری کے سلسلے میں دیے جانے والے مشورے کا معیار۔ تحقیقی مواد کی دستیابی۔ آن لائن ٹریڈنگ کی سہولت کی دستیابی۔ تجارتی جانچ پڑتال (کنفرمیشن) کی فراہمی۔ عائدکردہ بروکریج چارجز۔ آپ کے کام کی جگہ یا رہائش گاہ سے قریب ہونا۔
ایک بار جب آپ اپنا اسٹاک- بروکر منتخب کرلیتے ہیں تو،اپنے بروکریج اکاؤنٹ کے لیے آپ کو ایک اسٹینڈرڈائزڈ اکاؤنٹ اوپننگ فارم (SAOF) پْر کرنا ہوتا ہے۔ یہ آپ کے CDC ذیلی اکاؤنٹ کو بھی فعال کرنے کا سبب بنے گا۔ CDC ذیلی اکاؤنٹ ایک ایسا اکاؤنٹ ہوتاہے جہاں آپ کے حصص کو ٹرانزیکشن کے مقصد کے لیے رکھا جاتا ہے۔ جب آپ حصص خریدتے ہیں تو اکاؤنٹ میں کریڈٹ کا عمل انجام پاتا ہے اور جب آپ حصص بیچتے ہیں تو اس کے برعکس عمل ہوتا ہے۔ ایک بروکریج فرم کے بہت سے ذیلی اکاؤنٹس ہو سکتے ہیں جبکہ اس کا مرکزی اکاؤنٹ یا شریک(پارٹیسیپنٹ) اکاؤنٹ صرف ایک ہو سکتا ہے۔ ایک سرمایہ کار کے طور پر، آپ پی ایس ایکس کی ویب سائٹ پر دستیاب SAOF کے ساتھ موازنہ کرکے اپنی بروکریج فرم کی جانب سے فراہم کردہ اکاؤنٹ اوپننگ فارم (اور اس کی شرائط و ضوابط) کی سچائی کو جانچ سکتے ہیں۔
سی ڈی سی کیا ہے: سی ڈی سی کا مطلب ہے سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی (لمیٹڈ) جو کہ حصص کی ڈیپازٹری کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ اسٹاک ایکسچینج ایکو-سسٹم کا وہ حصہ ہے کہ جب اسٹاک مارکیٹ میں تجارت کا عمل انجام دیا جاتا ہے، تو یہ اپنے ذریعے حصص کے تبادلے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔اگر آپ یہ چاہتے ہیں کہ اپنا اکاؤنٹ چلانے کے لیے کسی اورشخص کو اختیار سونپیں، تو آپ کو اپنا اکاؤنٹ چلانے کے لیے اس شخص کو اجازت کا خط یا پاور آف اٹارنی فراہم کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔آپ کو سی ڈی سی کے ساتھ سی ڈی سی انویسٹر اکاؤنٹ کھولنے کے لیے بھی ایک بہتر مشورے سے نوازا جاتا ہے۔ ایک CDC انویسٹر اکاؤنٹ آپ کے حصص کو آپ کی تحویل میں محفوظ طریقے سے رکھنے کے لیے سہولت فراہم کرتا ہے۔
اپنے اکاؤنٹ اوپننگ فارم کو پْر کرنے اور اس پر دستخط کرنے کے بعد، آپ کو کم از کم وہ رقم ڈپازٹ کرنے کی ضرورت ہوگی جس سے آپ اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کا آغاز کر سکیں۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ یہ رقم چیک کے ذریعے ہی ڈپازٹ کرائی جائے۔ آپ کو یہ بھی مشورہ دیا جاتا ہے کہ آپ اسٹاک ایکسچینج میں ٹرانزیکشن کا جو عمل انجام دیں گے اس کے حوالے سے آپ اسٹاک ایکسچینج، سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی لمیٹڈ، نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان، اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی طرف سے عائد کردہ ٹیکسز اور چارجز سے خود کو آگاہ رکھیں۔ایک بار جب آپ اپنا اکاؤنٹ کھول لیتے ہیں اور اپنی ابتدائی ادائیگی کو ڈپازٹ کروا دیتے ہیں، تو آپ پوری طرح سے اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کر نے کے اہل ہو جاتے ہیں۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کی جانب سے خرید و فروخت کے لیے دی جانے والی ہدایات کے تحت آپ اپنے اسٹاک- بروکر سے اپنی تجارتی جانچ (کنفرم یشن) حاصل کریں۔ اپنے اکاؤنٹ میں ہونے والی سرگرمی کے سلسلے میں آپ اپنے اسٹاک -بروکر سے وقتاً فوقتاً اپنے اکاؤنٹ لیجرز اور اسٹیٹمنٹس حاصل کرنے کے بھی حقدار ہیں۔یہ سب وہ بنیادی اقدامات ہیں جو آپ کو پی ایس ایکس میں سرمایہ کاری شروع کرنے کے سلسلے میں اکاؤنٹ کھولنے کے لیے درکار ہوں گے۔ ہم پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آپ کے لیے بہترین اور خوشحال سرمایہ کاری کے متمنی ہیں!