کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ مہنگائی سمیت ملک کو بحرانوں سے نکالنا سیاسی قیادت کی ذمے داری ہے۔آٹا سمیت ہوشربامہنگائی نے عوام کے صبرکا پیمانہ لبریزکردیا ہے۔ملک کو قرضے نہیں امن وروزگار کی ضرورت ہے کیونکہ قرضوں سے حکمران ٹولہ عیاشیاں جبکہ قوم کی نسلیں مقروض بن جاتیں ،نجات کا واحد حل شریعت کانظام اوردیانتدارقیادت کا انتخاب ہے۔انہوں نے آج ایک بیان میں کہاکہ اقتدارو سیاسی رسہ کشی میں حکمرانوں کو سیلاب متاثرین کوبھلادیا ہے۔سیلاب کو 6ماہ گذرگئے مگر حکومت نے زبانی جمع خرچ کے سواکچھ بھی نہیں کیا۔آج بھی نوے ہزارسے زایدسیلاب متاثرین بے یارومددگار اورکھلے آسمان تلے زندگی گذارنے پرمجبور ہیں۔عالمی ادارے یونیسف نے بھی خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں ہنگامی حالت کے اعلان کے چار ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے بعد بھی تقریبا 40لاکھ بچے اب بھی کھڑے آلودہ سیلابی پانی کے قریب زندگی گزار رہے ہیں جس سے ان کی بقا اور فلاح و بہبود کو خطرات لاحق ہیں۔بڑھتی ہوئی مہنگائی اورموسم سرماکی صورتحال نے ان غریبوں کی مشکلات میں مزیداضافہ کردیا ہے مگرارب پتی حکمراں ٹولہ بے حسی کی عملی تصویربنا ہوا ہے۔اپنی دولت سیلاب متاثرین پرخرچ کرنے کی بجائے بیرون ملک امداد مانگ کر اپنی دولت میں مزید اضافہ کرنے میں مصروف ہیں ۔جماعت اسلامی اورالخدمت کے ہزاروں رضاکار متاثرین کی ریسکیو،ریلیف کے بعدبحالی کے کاموں میں مصروف عمل ہیں۔