پی پی پی، مسلم لیگ،پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم بجلی اورگیس کی بندش کی ذمہ دارہیں

Jan 11, 2023


کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے سینیئر رہنما ظفر اقبال ، اورنگی ٹائون پبلک ایشوز ایکشن کمیٹی کے صدر جاوید ملک اور نائب صدرکلیم اللہ نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حکومت اگر گیس فراہم نہیں کر سکتی تو اسے پرائیویٹ سیکٹر کے حوالے کر دے اور اوگرا اس کمپنی کو دس فیصد منافع کا پابند کرے۔ حکومت گیس اس لئے فراہم نہیں کر رہی ہے کیونکہ ان کے پاس ایل سی کھولنے کے پیسے نہیں ہیں۔ بیوروکریسی کو لوڈ شیڈنگ اور بندش کے فرق کو سمجھنے کیلئے کسی اچھے ٹیوٹر کی ضرورت معلوم ہوتی ہے۔ پوری کابینہ جینوا میں عوام کی تباہ حالی کی دہائی دیتے ہوئے ساری دنیا سے ڈونر کانفرنس میں بھیک مانگ رہی ہے۔ بھیک مانگنے کے بعد وہیں جنیوا میں یہ آئی ایم ایف سے مزید قرض کی درخواست بھی کریں گے ان پرانے سیاست دانوں کے پاس ملک کو بچانے کے لئے کوئی حکمت عملی نہیں ہے ۔نواز لیگ ٹیکنکل ڈیفالٹ کر چکی ہے،اب وہ اسے تسلیم بھی کرے۔ احتساب کے بغیر ملک چلانا تو درکنار اب اسے قائم رکھنا بھی ممکن نظر نہیں آتا ہے۔ پیپلز پارٹی مسلم لیگ،پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم بجلی کی لوڈشیڈنگ اور گیس کی بندش کی ذمہ دارہیں۔ صبح چھ بجے سے رات دس بجے تک بجلی اور گیس کی بندش مزدور طبقہ کے ساتھ ظلم ہے۔ عوام اپنے ساتھ ہونے والے ظلم اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف پرامن احتجاج کرے کیونکہ یہ ان کا حق ہے۔احتجاج میں توڑ پھوڑ کر کے سرکاری یا پبلک املاک کو نقصان نہ پہنچایا جائے۔ وہ پاسبان ڈسٹرکٹ کورنگی ٹائون میں گیس کی طویل بندش کے حوالے سے عوامی وفد سے گفتگو کر رہے تھے جہاں شہریوں نے لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے اپنی شکایات سے آگاہ کیا۔ پاسبان رہنمائوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گیس کی لوڈ شیڈنگ کی نوید سردیوں کا موسم شروع ہونے سے قبل ہی قوم کو سنا دی تھی، مگر ہماری ییوروکریسی نے لوڈ شیڈنگ کا مطلب 24 گھنٹے گیس بند کرنا لے لیا ہے۔سردیوں کے موسم میں گیس کی لوڈ شیڈنگ نہیں، عوام دشمنی ہو رہی ہے۔ پاکستان دنیا کے ان بد قسمت ملکوں میں شامل ہیں جہاں اشیاء کی طلب ہے لیکن حکومت رسد میں ناکام ہے۔یہ سارا قصور عوام کا ہے جو ان بین الااقوامی بھکاریوں کو ووٹ دے کر سر پر بٹھاتی ہے۔ ملک اور عوام کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں کو عبرت کا نمونہ بنا دیں گے۔

مزیدخبریں