حیدرآباد (ہ آ)ڈویژنل کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن کی زیر صدارت حیدرآباد ڈویژن میں 23 جنوری سے 29 جنوری 2023تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں ایک اجلاس آج ان کے دفتر میں میں منعقد ہوا جس میں حیدرآباد ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرزنے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، اجلاس میں انسداد پولیو کی گزشتہ مہم کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈویزنل کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ انسداد پولیو مہم میں پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیوسے بچا کے قطرے پلانے کے لیے تمام تر انتظامات کو یقینی بنائیں تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔انہوں نے انہیں یہ بھی ہدایت کی کہ انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے مقرر کیے گئے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے مائیکرو پلان کی تیاری سمیت پولیو ٹیموں کی تربیت پر خصوصی توجہ دیں اورمہم کے دوران محکمہ صحت کی ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں ۔اجلاس میں اے ڈی سی حیدرآباد ثناا للہ رند، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر حیدرآباد ڈاکٹر لالہ جعفر کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے- بعد ازاں رواں سال ایم اینڈ آرکی نئی اسکیموںکے پروپوزلزکا جائز ہ لینے سے متعلق ڈویزنل اوور سائٹ کمیٹی کا ایک اجلاس ڈویژنل کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن کی زیر صدارت ان کے دفتر میں منعقد ہوا اجلاس میں حیدرآباد ، جامشورو ، مٹیاری ، دادوکے اضلاع کی ایم اینڈ آر کی مختلف اسکیموں کا جائزہ لیا گیا - ڈویزنل کمشنر نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث بڑے پیمانے پر انفرااسٹرکچر متاثر ہوا ہے لہذا ایم اینڈ آر کی اسکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے - انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ اسکیموں میں کام کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے اور فنڈز کے شفاف استعمال کے ساتھ ساتھ ان کی مقررہ وقت پر تکمیل کو یقینی بنایاجائے تاکہ لوگوں کوبلاتاخیران اسکیموں کے ثمرات منتقل کیے جاسکیں- انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں اور جاری اسکیموں کی نگرانی کریں - اجلاس میں ڈپٹی کمشنرحیدرآباد فواد غفار سومرو ، ڈپٹی کمشنر مٹیاری جواد مظفر شاہ کے علاوہ دیگر محکموں کے متعلقہ افسران نے شرکت کی -
کوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے، کمشنر حیدر آباد
Jan 11, 2023