لاڑکانہ(بیورورپورٹ) لاڑکانہ میں خاکسار تحریک کی جانب سے مہنگائی کے خلاف اور تحریک کے سابق رہنما حمید الدین المشرقی کی 13ویں برسی کے موقع پر لاہوری محلہ سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی، اس موقع پر خاکسار تحریک پاکستان کے نائب امیر پروفیسر حکیم علی نصر عسکری، سندھ کے ناظم اعلیٰ انور علی ابڑو، اسد اللہ، برکت علی گوپانگ، نور حسین بزدار اور دیگر نے کہا کہ ملک اس وقت نازک صورتحال سے گزر رہا ہے جس کی وجہ سے ہر شعبے میں مسائل بھی بڑھتے جا رہے ہیں خصوصاً ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کو پریشان کر رکھا ہے اور بے روزگاری عروج پر پہنچ گئی ہے، انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ حکمران عوام کو ہر شعبے میں ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے غریب طبقہ دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہے، ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند روز سے سندھ میں آٹے کی قلت ہے، لیکن صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ نے آٹے کے بحران پر قابو پانے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں سیلاب اور بارشوں سے لاکھوں لوگ بے گھر ہونے کے بعد اب تک بے یارومددگار بنے ہوئے ہیں، لیکن سندھ حکومت نے ان کی بحالی کے لیے کوئی ضروری اقدامات نہیں کیے، ہم عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ ہمارا ساتھ دیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سندھ میں آٹے کا بحران ختم کیا جائے اور مہنگائی کو قابو میں کیا جائے بصورت دیگر بھرپور احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔