رحیم یار خان(بیورو رپورٹ)خوردنی تیل کی نئی ایل سیز اوپن نہ ہونے اور روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافے کے باعث رحیم یار خان سمیت ملک بھر میں گھی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ۔رحیم یار خان میں گزشتہ دو روز کے دوران سولہ کلو گرام والے گھی کی قیمتیں دو سو روپے مزید اضافے کے ساتھ ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح سات ہزار680روپے جبکہ کراچی برانڈ کی قیمتیں ایک ہزار روپے اضافے کے ساتھ سات ہزار روپے تک پہنچ گئیں جبکہ ذرائع کے مطابق ایک کلو گرام گھی بارہ روپے اضافے کے ساتھ 485روپے فی کلو گرام تک پہنچ گئیں ۔واضح رہے کہ چند روز قبل اسٹیٹ بنک آف پاکستان کی جانب سے خوردنی تیل کو اشیاء ضروریہ کی فہرست سے نکال دیا گیا تھا جس کے بعد کمرشل بنکوں نے خوردنی تیل کی نہ صرف ایل سیز کھولنے سے انکار کر دیا تھا بلکہ کراچی پورٹ پر پڑے ہوئے خوردنی تیل کی کلیئرنگ بھی نہیں کی جا رہی جس کے باعث اوپن مارکیٹ میں گھی کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ سامنے آئے گا۔