شجاع آباد،ٹاٹیپور،منڈا چوک،جودھ پور (نمائندہ خصوصی ،نامہ نگار)آٹے کا بحران شدید، عوام کو روٹی کے لالے پڑ گئے ۔ سستا آٹا پوائنٹس پر شہریوں کی لمبی قطاریں لگی رہتی ہیں ،15 کلو آٹے کا تھیلا بازار میں 29 سو روپے کا فروخت ہو رہا ہے۔ سستے آٹے کے سیل پوائنٹ ہونے کے باوجود عوام کو آٹے کے حصول کے لئے سخت پریشانی کا سامنا ہے۔سستے آٹے کے پوائنٹ کے مالکان کا کہنا ہے کہ تھیلوں کی تعداد کم کر دی گئی ہے جہاں پچاس تھیلے اور 30 تھیلے آرہے تھے وہاں اب صرف 15 آٹے کے تھیلے آرہے ہیں اور 15 تھیلوں کے لئے 200 افراد کھڑے ہوتے ہیں۔ ٹاٹیپور میں سرکاری آٹے کے حصول کے لیے صبح سویرے سے ہی طویل قطاریں لگنا شروع ہو جاتی ہیں ، گھنٹوں انتظار کے بعد بھی نصف سے زائد شہریوں کو مایوسی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوتا۔ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ مبین احسن نے فیاض پارک کے باہر ہوٹل پر ضرورت سے زائد آٹا ذخیرہ کرنے پر چھاپا مار کر 4 افراد کو گرفتار کرادیااور ہوٹل مالکان کو گرفتار کرکے ہوٹل سیل کر دیا۔ کبیروالا و نواحی علاقوں بارہ میل،چوپڑہٹہ،جودھ پور،سرائے سدھو،باٹی بنگلہ اور کوٹ اسلام میںصبح سے شام تک غریب لوگ سینکڑوں کی تعداد میں لائنوں میں لگ کر آٹے کے حصول کے لیے کھڑے رہتے ہیں،فلور ملز مالکان کی ہٹ دھرمی برقرار ہے جو کہ اپنے من پسند افراد کو آٹا فراہم کر رہے ہیں جس دکان پر آٹا پہنچتا ہے وہ دکاندار بھی من پسند افراد کو آٹا دیتے ہیں،حکومت آٹا بحران پر قابو پانے میں بری طرح ناکام ہے۔
آٹے کا بحران شدید،عوام کو روٹی کے لالے پڑ گئے
Jan 11, 2023