خون جما دینے والی سردی کے باعث وفاقی محکمہ تعلیم نے تعلیمی اداروں کے اوقات کار تبدیل کردیئے اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ وفاقی محکمہ تعلیم کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سنگل شفٹ چلانے والے ادارے صبح 8:30 سے دن 02:30 تک کھلیں گے، جمعتہ المبارک کے دن ساڑھے 8 سے ساڑھے 12 تک ادارے کھلے رہیں گے۔ڈبل شفٹ والے تعلیمی اداروں کی مارننگ شفٹ صبح 8 بجے سے ساڑھے 1 بجے تک ہو گی، جمعہ کو 8 بجے سے ساڑھے 12 تک شفٹ ہو گی، ایوننگ شفٹ ڈیڑھ سے شام 7 بجے تک ہوگی جبکہ جمعہ کے دن شفٹ اڑھائی سے لیکر شام 7 بجے تک ہوگی۔ سردی اور مہنگائی کے باعث طلبہ طالبات کو کسی بھی رنگ کے سوئٹرز یا جیکٹ یونیفارم کے علاوہ پہننے کی بھی اجازت ہوگی ، نئے اوقات کار 11 جنوری سے نافذ العمل ہوگئے ہیں۔کے پی کے حکومت نے بھی صوبہ میں دھند کےباعث سکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کردی، جس کے مطابق پرائمری سکولوں میں حاضری صبح 09:15،چھٹی کا وقت 01:30 مقرر کیا گیا جبکہ مڈل اورہائرسیکنڈری سکولوں میں حاضری صبح 9 بجے اور چھٹی 2:30 بجے ہوگی،اعلامیہ کے مطابق نئے اوقات کار 2 جنوری سے 31 جنوری 2023 تک نافذ العمل رہیں گے۔دوسری جانب لاہور میں بجلی کی بندش کے سبب شہر کے مختلف علاقے کئی کئی گھنٹے تک اندھیرے میں ڈوبے رہتے ہیں۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے نہ صرف لوگوں کو گھروں میں مشکلات درپیش ہیں بلکہ سکولز میں طالبعلم بھی اذیت میں مبتلا ہیں۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ پڑھنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔اساتذہ کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں سکولزمیں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے سبب اندھیرا چھا جاتا ہے،اندھیرے میں پڑھنے کی وجہ سے بچوں کی بنیائی بھی متاثر ہو رہی ہے، اساتذہ نے لیسکو سے لوڈشیڈنگ کم کرنے کا مطالبہ کردیا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کےمطابق لوڈشیڈنگ میں کمی کیلئے لیسکو کودرخواست دےرکھی ہے۔سرکاری سکولز میں بہترین سہولیات اورلوڈشیڈنگ پر قابو پا کربچوں کی حاضری سو فیصد مکمل کی جاسکتی ہے۔واضح رہےکہ گزشتہ کئی روز سے لاہور سمیت ملک بھر میں دھند کا راج ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، ادھر محکمہ موسمیات نے دھوپ نکلنے کی نوید سنانے کی بجائے 11 سے13 جنوری تک بلوچستان کے 13 اضلاع کوئٹہ، ژوب، بارکھان، زیارت، نوکنڈی، دالبندین، قلات مستونگ، ہرنائی، قلعہ سیف اللّٰہ، قلعہ عبداللّٰہ، چمن، پشین اور ملحقہ علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کردی، جس کے بعد ملک بھر میں سردی مزید بڑھ جائے گی۔
سردی کی شدت میں اضافہ، سکول طلبہ کی موجیں، نوٹیفکیشن جاری
Jan 11, 2023 | 14:37