جادو کی حقیقت

Jan 11, 2024

نام کتاب: جادو کی حقیقت
مصنف: غازی عزیز مبارک پوری 
ناشر: دارالسلام انٹر نیشنل، نزد ایکرٹریٹ سٹاپ، لوئر مال، لاہور 
برائے رابطہ: 37324034-042

دارالسلام کی شائع کردہ پیش نظر کتاب ’’جادو کی حقیقت‘‘ ایک انتہائی موضوع پر لکھی گئی ہے۔ برصغیر میں جادو کا وجود ہمیشہ سے لوگوں کی توجہ کا مرکز رہا ہے۔ بنگال کا کالا جادو تو پوری دنیا میں آج بھی اپنا ایک امتیازی مقام رکھتا ہے۔ چونکہ پاکستان بھی ہندوستان کاحصہ رہا ہے اس لیے یہاں بھی جادو کی تمام اقسام پائی جاتی ہیں۔ یہ جادو پہلے زیادہ تر غیر مسلم طبقہ تک ہی محدود تھا لیکن آج جادو کی وبا مسلم طبقہ میں بھی تیزی سے پھیلتی جارہی ہے۔ ہر روز مسلم گھرانوں میں کوئی نیا واقعہ ہوتا اورسننے میں آتا ہے۔ باہمی رشتے داریاں اعتماد اور قربت کی بجائے نفرت، بغض اور عداوت میں بدلتی جارہی ہیں۔ کوئی جادو کے زور پر کسی کا کاروبار بگاڑنے اور باندھنے کے در پے ہے تو کوئی باپ کو بیٹے سے متنفر کرنے کے لیے کوشاں، کوئی شوہر اور بیوی کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی فکر میں ہے، تو کوئی خاندانی تنازعات کو بھڑکانے میں مصروف ہے اور ان تمام کاموں کو سر انجام دینے کے لیے شیطان نما عاملوں اور جادو گروں کی خدمات لینے میں قطعاََ کوئی تردد نہیں کیا جاتا۔ ہمارے ملک میں بے حد دکھ بھری اور افسوسناک صورتحال دیکھنے میں آئی ہے۔ تہذیب و تمدن اور اخلاقیات سے عاری ننگ دھڑنگ، بے عمل اور بے دین لوگوں نے جگہ جگہ سادہ، معصوم اور ضعیف العقیدہ لوگوں کو لوٹنے اور ان کے خون پسینے کی کمائی اینٹھنے کے لیے پھندے لگا رکھے ہیں۔ لوگوں کو ان پھندوں میں پھنساکر نہ صرف ان کی جیبیں مختلف حیلوں بہانوں سے خالی کروائی جاتی ہیں بلکہ ان کی بہو بیٹیوں کی عصمت دری بھی کی جاتی ہے۔ ان حالات میں ایسی کتاب کی اشد ضرورت تھی جو مسلمان گھرانوں کو جادو گروں، کاہنوں اور جنات و شیاطین کے شر سے محفوظ فرمائے اور معصوم لوگوں کو دھوکہ بازوں اور شعبدہ بازوں کے چنگل میں بھی پھنسنے سے بچائے۔
زیر نظر کتاب ’’جادوکی حقیقت‘‘ کے مصنف غازی عزیز مبارک پوری ہیں ان کاتعلق سرزمین ہندوستان سے ہے۔ انھوں نے زیر نظر کتاب عربی زبان میں لکھی تھی۔ کتاب کی عوام و خواص میں مقبولیت کا اندازہ اس امر سے کیا جاسکتا ہے کہ یہ کتاب تقریباََ تمام عرب، بالخصوص خلیجی، ممالک کے طول و عرض میں بکثرت تقسیم ہوئی اور صرف چار ماہ کی قلیل مدت میں اس کا پہلا ایڈیشن ختم ہو گیا۔ عربی زبان میں کتاب کی اشاعت و تقسیم اور پذیرائی کے بعد سے متعدد حلقوں کی طرف سے مسلسل اصرار تھا کہ اس کتاب کا اردو اور انگریزی زبانوں میں بھی ترجمہ کیا جائے تاکہ اردو داں طبقہ بھی اس سے مستفید ہوسکے۔ کتاب کو پانچ ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے: پہلا باب جادو کی حقیقت، اس کا حکم اور اس کے خطرات پر مشتمل ہے، دوسرا باب: جنوں اور شیاطین کے احوال اور خطرات کے تعارف سے متعلق ہے، تیسرے باب میں جنوں اور شیطانوں سے مقابلہ کے لیے مومنین کے ہتھیار اور بعض احتیاطی تدابیر بیان کی گئی ہیں، چوتھا باب جنوں کی آسیب زدگی اور جادو سے خلاصی، بعض دیگر احتیاطی تدابیر اور ان عوارض کے علاج سے متعلق ہے، اور پانچویں باب میں برصغیر میں رائج جادو وغیرہ سے احتیاط اور علاج کے بعض غیر شرعی طریقوں پر بحث کی گئی ہے۔ کتاب کی تربیت میں واقعات اور احادیث کی صحت کا بھی خصوصی لحاظ رکھا گیا ہے۔ اس قابل قدر کتاب میں مولانا عزیز مبارک پوری نے جادو، کہانت اور علمِ نجوم کی حرمت نیز اسلام میں ایسے افعال کے مرتکبین کے بارے میں قرآن و سنت کی روشنی میں احکامات پر بڑی تفصیل سے روشنی ڈالی ہے۔ ایک مسلمان گھرانہ جنوں کی آسیب زدگی اور جادو کے اثرات سے کیسے محفوظ رہ سکتا ہے؟ رشتے داریوں کو ٹوٹنے بکھرنے سے کیسے بچایا جاسکتا ہے؟ فاضل مولف نے قرآن و حدیث کی روشنی میں ان تمام مسائل کے حل بتلانے کے ساتھ ساتھ بر صغیر میں رائج جادو اور آسیب وغیرہ سے بچائو اور علاج کے بعض غیر شرعی طریقے بتلا کر نا م نہاد فقیروں، پیروں اور شعبدہ بازوں کی حقیقت سے بھی پردہ اٹھایا ہے۔

مزیدخبریں