محسن نقوی کاجناح ہسپتال میں تعمیراتی کاموں میں سست روی پر اظہار ناراضگی

Jan 11, 2024 | 10:23

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جناح ہسپتال میں تعمیراتی کاموں میں سست روی پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے جناح ہسپتال کا دورہ کیا، اپ گریڈیشن کے کاموں پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔محسن نقوی نے اپ گریڈیشن کے کاموں میں سست روی اور کم لیبر فورس لگانے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے مزدوروں کی تعداد بڑھانے کا حکم دیا۔نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہر شفٹ میں 500 مزدور اور 2 شفٹ میں ایک ہزار مزدور کام کرتے نظر آنے چاہئیں، لیبر فورس کی تعداد کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے گی اور تصدیق کرائی جائے گی۔محسن نقوی تعمیراتی کامو ں کے دوران بیڈز اور دیگر سامان کوریڈور میں پڑا دیکھ کر برہم ہوگئے، ہسپتال انتظامیہ کو بیڈز اور دیگر سامان کو محفوظ جگہ پر رکھنے کا حکم بھی دیا، سپیشل سیکرٹری ہیلتھ کو رات کو دورہ کر کے تمام صورتحال کا خود جائزہ لینے کی ہدایت کی۔اس موقع پر وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایک مریض کے تیماردار کی جانب سے ادویات باہر سے منگوانے کی شکایت کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت کو معاملے کی انکوائری کی ہدایت کر دی اور کہا کہ مریضوں کو ہسپتال سے مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم، عامر میر، سیکرٹری صحت، کمشنر لاہور، سپیشل سیکرٹری صحت اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزیدخبریں