شدید سردی کی وجہ سے بچوں میں نمونیہ کے کیسز میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی صورتحال کا جائزہ لینے چلڈرن ہسپتال پہنچ گئے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کا دورہ کیا ہے اور ایمرجنسی وارڈ میں زیرعلاج بچوں کی عیادت کی ہے۔ انہوں نے بچوں کی ماؤں سے ہسپتال میں فراہم کردہ طبی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے بچوں کے ساتھ شفقت کا اظہار کیا اوران کے علاج معالجے کیلئے ڈیوٹی ڈاکٹرز کو ہدایات دیں۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نمونیہ میں مبتلا بچوں کی خصوصی دیکھ بھال کی جائے اور بہترین علاج معالجہ فراہم کیا جائے۔ بچوں کی زندگیوں کیلئے پلے گروپ، پریپ اور نرسری کی کلاسز کو 19 جنوری تک بند کیا ہے۔ سکولوں میں 31جنوری تک صبح کی اسمبلی پر پابندی عائد کی ہے۔ سکول جانے والے بچوں کیلئے یونیفارم میں نرمی بھی کی گئی ہے۔ بچوں کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتال میں جاری اپ گریڈیشن کے کاموں کا جائزہ لیا اور تعمیراتی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی۔ نگران وزیراعلیٰ نے بائیو میڈیکل یونٹ، مین کوریڈور اور استقبالیہ کاؤنٹرز کا معائنہ کیا۔ مین کوریڈور میں ٹائلز لگانے کے کام کے معیار کو چیک کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی کی لفٹ کے ایریا کو بھی بہتر بنانے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کاموں کے دوران کوریڈور اوردیگر وارڈز میں پڑے ہوئے بیڈز اورسامان کو محفوظ جگہ پر شفت کیا جائے۔صوبائی وزیر تعلیم منصور قادر،سیکرٹری صحت،سپیشل سیکرٹری صحت اوردیگر حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔
شدید سردی سے بچے نمونیہ کا شکار: محسن نقوی چلڈرن ہسپتال پہنچ گئے
Jan 11, 2024 | 12:27